Thursday, April 25, 2024

وزیرِخارجہ شاہ محمود سے افغان ہم منصب کا ٹیلی فونک رابطہ، افغان عمل امن پر تبادلہ خیال

وزیرِخارجہ شاہ محمود سے افغان ہم منصب کا ٹیلی فونک رابطہ، افغان عمل امن پر تبادلہ خیال
April 18, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی سے افغان ہم منصب محمد حنیف آتمر نے ٹیلی فونک رابطہ کیا، افغان عمل امن میں پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا۔

دونوں وزرائے خارجہ کے مابین ماہ صیام کے حوالے سے مبارک باد کا تبادلہ بھی ہوا۔

اس موقع پر شاہ محمود قریشی بولے کہ ایک پر امن، اور مستحکم افغانستان، پاکستان کے مفاد میں ہے، ہم افغانستان میں پُرتشدد واقعات میں کمی کے خواہشمند ہیں۔ پاکستان، افغانستان سمیت خطے میں قیام امن کیلئے کی جانے والی کاوشوں میں شراکت دار ہے۔

اُنہوں نے کہا، پاکستان، افغانستان کو پرامن اور مستحکم بنانے کیلئے اپنی مصالحانہ معاونت جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہے۔ وزیر خارجہ نے توقع ظاہر کی کہ افغانستان میں دیر پا قیام امن کی کوششوں میں " استنبول پراسس" دوحہ ایگریمنٹ کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے معاون ثابت ہو گا۔

وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ٹیلیفونک رابطے پر اپنے افغان ہم منصب محمد حنیف آتمر کا شکریہ ادا کیا۔

افغان وزیرِ خارجہ حنیف آتمر نے افغان امن عمل کو نتیجہ خیز بنانے کےلیے پاکستان کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی معاونت کو سراہا۔

دونوں وزرائے خارجہ کا استنبول میں ملاقات پر اتفاق ہوا، وزیر خارجہ نے افغان ہم منصب حنیف آتمر کو "استنبول پراسس اجلاس کے بعد اسلام آباد مدعو کر لیا۔

وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی دبئی میں موجود ہیں، آج اور کل اماراتی حکام سے اہم ملاقات کریں گے۔