Wednesday, April 24, 2024

طاقتور لوگوں کو قانون کے تابع لانے تک قوم ترقی نہیں کر سکتی ، وزیراعظم

طاقتور لوگوں کو قانون کے تابع لانے تک قوم ترقی نہیں کر سکتی ، وزیراعظم
April 15, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے طاقتور لوگوں کو قانون کے تابع لانے تک قوم ترقی نہیں کر سکتی۔

وزیراعظم عمران خان نے رحمت اللعالمین ﷺ اسکالرشپ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کمزور آدمی جتنی بھی چوری کر لے لندن میں فلیٹ نہیں لے سکتا۔ بڑا آدمی چوری کرتا ہے اور پیسہ باہر لے جاتا ہے۔ منی لانڈرنگ کے ذریعے ملکی رقوم بیرون ملک منتقل کی جاتی ہیں۔ ان لوگوں کو قانون کے نیچے نہیں لے کر آئیں گے تو معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔ قانون کی بالادستی کی جدوجہد مشکل ہے مگر جیتیں گے۔

وزیراعظم نے کہا پنجاب حکومت کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں۔ رحمت اللعالمینﷺاسکالرشپ پروگرام کے لیے پنجاب حکومت کے اقدامات کو سراہتا ہوں۔ کوشش ہے رحمت اللعالمین ﷺ اسکالرشپ پورے ملک میں شروع ہو۔ انہوں نے کہا ریاست مدینہ میں تعلیم اور انصاف کو بنیادی حیثیت حاصل رہی۔ وفاقی حکومت ہر سال 5.5 ارب روپے رحمت اللعالمینﷺ اسکالرشپ پروگرام پر خرچ کرے گی۔ 70 ہزار اسکالر شپس دی جائیں گی۔ طالبعلم اسکالرشپ کے لیے آن لائن اپلائی کریں۔