Thursday, March 28, 2024

پناہ گاہیں اور لنگر خانوں کا قیام ریاست مدینہ کی طرف پہلا قدم ہے ، وزیراعلی پنجاب

پناہ گاہیں اور لنگر خانوں کا قیام ریاست مدینہ کی طرف پہلا قدم ہے ، وزیراعلی پنجاب
April 11, 2021

لاہور (92 نیوز) وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے پناہ گاہیں اور لنگر خانوں کا قیام ریاست مدینہ کی طرف پہلا قدم ہے۔

پنجاب حکومت "کوئی بھوکا نہ سوئے"پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے کوشاں ہے۔ وزیراعلی پنجاب نے لاہور اور فیصل آباد کیلئے ”کوئی بھوکا نہ سوئے“موبائل لنگر پروگرام کا آغاز کر دیا۔ دونوں شہروں میں روزانہ 10,10 ہزار لنچ باکس اور کھانے کے پیکٹ غریبوں میں تقسیم کیے جائینگے۔ لاہور میں ٹھوکر تا داتا دربار، ریلوے سٹیشن تا نیازی چوک، گڑھی شاہو تا شادی پور، لکشمی تا دہلی دروازے  پر کھانا تقسیم ہو گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کہتے ہیں دوسروں کو کھانا کھلانا سنت رسولﷺ ہے اور پنجاب کی روایت بھی ، پناہ گاہوں اورلنگر خانوں کا قیام ریاست مدینہ کے قیام کی طرف پہلا ٹھوس قدم ہے۔

ادھر وزیراعلی پنجاب سے رکن قومی اسمبلی ملک احمد حسین ڈہیٹر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔  

اس موقع پر وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ ہیلتھ سسٹم بے پناہ دباؤ کا شکار ہے، کورونا کنٹرول کیلئے سخت اقدامات کرنا ہوں گے۔ لاہور کے سرکاری اسپتالوں میں کورونا مریضوں کیلئے مختص تمام وینٹی لیٹرز استعمال میں آ چکے ہیں۔ جنوبی پنجاب ہماری کمٹ منٹ  ہے۔ اسے نبھائیں گے، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ منصوبے کو سبوتاژ نہیں ہونے دینگے۔