Saturday, April 27, 2024

غریبوں کو روٹی ملے گی تو ملک میں برکت آئے گی، وزیراعظم عمران خان

غریبوں کو روٹی ملے گی تو ملک میں برکت آئے گی، وزیراعظم عمران خان
April 11, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) پروگرام ’’ کوئی بھوکا نہ سوئے ‘‘ کی لاہور، فیصل آباد اور پشاور تک توسیع کردی گئی۔ وزیراعظم عمران خان نے موبائل ٹرک کچن کا جال پورے ملک تک پھیلانے کا اعلان کردیا۔ کہا کہ، غریبوں کو روٹی ملے گی تو ملک میں برکت آئے گی۔

وزیراعظم عمران خان نے پروگرام ’’ کوئی بھوکا نہ سوئے ‘‘ کی توسیعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا، پروگرام پر ثانیہ نشتر کو خاص مبارکباد دینا چاہتا ہوں، ہمارے حالات مشکل ہیں، قرضے چڑھے ہوئے ہیں، غریبوں کو روٹی ملے گی تو ملک میں برکت آئے گی۔ موبائل ٹرک کچن کا جال پورے ملک تک پھیلائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ، حکومت قانون کی بالادستی کے لیے تاریخی جنگ لڑ رہی ہے، حکومت میں آنے کے بعد سب سے بڑی ذمے داری غریب طبقے کی ہے۔ ریاست کی ذمے داری ہے کہ وہ کمزور طبقے کو اوپر اٹھائے۔ مزدوروں کیلئے پناہ گاہیں بن گئی ہیں وہاں انہیں کھانا بھی ملتا۔

ان کا کہنا تھا کہ، ہمارا ملک ان چند ممالک میں ہے جہاں لوگ سب سے زیادہ خیرات دیتے ہیں۔  پہلی مرتبہ ملک کی تاریخ میں ہیلتھ انشورنس دے رہے ہیں، ہیلتھ انشورنس امیر ترین ممالک میں بھی نہیں ہے۔ ملک میں اب اسپتالوں کا جال پھیلے گا، ہرشہری کے پاس ہیلتھ کارڈ ہوگا، وہ کہیں بھی جاکر علاج کراسکے گا۔

وزیراعظم بولے کہ پشاور میں شوکت خانم اسپتال بن چکا، اب کراچی میں بن رہا ہے۔ شوکت خانم اسپتال نے غریب مریضوں کے علاج پر اب تک 50 ارب روپے خرچ کیے، یہ قوم کا پیسہ ہے جن سے غریبوں کا علاج کیا گیا۔