Friday, April 26, 2024

پی ڈی ایم ختم نہیں ہوئی ، اپوزیشن سینیٹ میں متحد ہو گی ، سلیم مانڈوی والا

پی ڈی ایم ختم نہیں ہوئی ، اپوزیشن سینیٹ میں متحد ہو گی ، سلیم مانڈوی والا
April 8, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما سلیم مانڈوی والا نے کہا پی ڈی ایم ختم نہیں ہوئی۔ اپوزیشن سینیٹ میں متحد ہو گی۔ تمام جماعتیں جلد ایک صفحے پر ہوں گی۔

سلیم مانڈوی والا نے پی ڈی ایم ختم ہونے کا تاثر مسترد کر دیا۔ انہوں نے پیپلزپارٹی کی کسی سے ڈیل کا تاثر بھی رد کردیا۔

 ادھر کڈنی ہل ریفرنس میں عدالت نے سلیم مانڈوی والا دیگر ملزموں پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ تمام ملزمان 14 اپریل کو طلب کر لیئے گئے۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ریفرنس کی سماعت کی۔ سلیم مانڈوی والا پیش ہوئے۔ جج نے استفسار کیا کہ آج تو فرد جرم عائد کرنا تھی باقی ملزمان کیوں نہیں آئے۔ وکلا صفائی نے بتایا کہ ایک ملزم کورونا ویکسین لگوانے کے باعث پیش نہیں ہورہا۔ آئندہ سماعت پرملزمان آجائیں گے۔ عدالت نے فرد جرم کی کارروائی 14 اپریل تک موخرکردی۔

احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلیم مانڈی والا نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی ڈیل کا غلط تاثر دیا جا رہا ہے، کوئی ڈیل نہیں ہوئی۔ پی ڈی ایم کے ختم ہونے کا بھی غلط تاثر دیا جا رہا ہے۔ پارٹیاں اگر ایک پیج پر نہ ہوں تو اسکا مطلب یہ نہیں کہ پی ڈی ایم ختم ہو گئی۔ چیئرمین سینیٹ الیکشن کے خلاف انٹراکورٹ اپیل تیار ہے آج دائر کی جائے گی۔ اپوزیشن نے پارلیمانی روایات کے مطابق طے کیا ہے کہ مل کر چلیں گے۔

انھوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے ساتھ کچھ بھی نہیں کیا، پارلیمنٹ کی سرگرمی ہے، ہم نے تمام اپوزیشن پارٹیوں کے ساتھ میٹنگ کی ہے۔ اپوزیشن سینیٹ کے اندر متحد ہو گی، چئیرمین سینیٹ پر کوئی معاملات تہہ نہیں ہوئے اپیل دائر ہو گی، حکومت سے کسی قسم کی ڈیل نہیں ہوئی۔ پیپلز پارٹی یا کسی پارٹی کی ڈیل نہیں ہوئی۔