Friday, March 29, 2024

پاکستان کی معیشت پر قرضوں کا دباؤ ہے ، کوشش ہے کہ قرضہ اتار سکیں، وزیر اعظم

پاکستان کی معیشت پر قرضوں کا دباؤ ہے ، کوشش ہے کہ قرضہ اتار سکیں، وزیر اعظم
April 8, 2021

اسلام آباد (92 نیوز)وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی معیشت پر قرضوں کا دباؤ ہے، بدقسمتی سے ماضی کے قرضوں کے باعث ہر سال قرضوں کی قسطیں بڑھ رہی ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ نیاپاکستان ہاؤسنگ منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے،بینک قرضے دینے کےلیے تیارہوگئے ہیں،غریب آدمی کو اپنا گھر بنانے کےلیے سستے قرضے فراہم کیے،سستے گھروں کےلیے کئی مراحل طے کیے ہیں،2ہزار فلیٹس اس طبقے کو مل رہے ہیں جو کبھی بھی نہیں سوچ سکتا تھا کہ اپنا گھر ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ  بڑی خوشی ہے کہ جو اتنی دیر سے تیاریاں کروا رہے تھے، انفرااسٹرکچر بنوا  رہے تھے، دوسال کے اندر یہاں لوگوں کو بنے ہوئے گھر ملیں گے، سی ڈی اے نے اس منصوبے میں بہت کام کیا ہے،ایف ڈبلیو او نے ریکارڈ مدت میں کرتارپور منصوبہ مکمل کیا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ  پچھلے مہینے میں سیمنٹ کی فروخت پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ ہے،پچھلے ماہ ایف بی آر نے ٹیکس بھی سب سے زیادہ اکٹھا کیا،پچھلی حکومت کے پہلے ڈھائی سال میں 20 ہزار ارب قرضہ اور سود واپس کیا گیا تھا، ہم نے 35 ہزار ارب  واپس کیے،کئی قرضے ایسے لےلیے جو دولت میں اضافہ کرنے کی بجائے قرضوں میں اضافے کا باعث بن رہے ہیں۔