Thursday, April 25, 2024

پاکستان اور روس کے وزرائے خارجہ کی ملاقات، دو طرفہ تعاون بڑھانے کا عزم

پاکستان اور روس کے وزرائے خارجہ  کی ملاقات، دو طرفہ تعاون بڑھانے کا عزم
April 7, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف دفترخارجہ پہنچے ، شاہ محمود قریشی نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔دونوں ممالک نے باہمی تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کہتے ہیں، پاکستان روس کے ساتھ کثیرالجہتی دو طرفہ تعاون بڑھانے کیلئے پرعزم ہے۔

پاکستان اور روس کے درمیان وزرائے خارجہ سطح پر مذاکرات دفترخارجہ میں ہوئے۔ روس کے وزیرخارجہ سرگئی لارؤف اور شاہ محمود قریشی نے دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ مذاکرات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان روس کے ساتھ کثیرالجہتی دو طرفہ تعاون بڑھانے کیلئے پرعزم ہے۔

روسی وزیرخارجہ نے کہا کہ ہماری باہمی تجارت 790 ملین ڈالرز کو پہنچ گئی ہے، ہم نے انرجی شعبے میں تعاون پر بھی بات کی جس میں نارتھ ساوتھ گیس پائپ لائن اہم ہے، انسداد دہشت گردی کے شعبے میں پاکستان کو تعاون فراہم کریں گے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان، افغانستان میں قیام امن سمیت خطے میں قیام امن کیلئے اپنا مصالحانہ کردار خلوص نیت سے ادا کرتا آ رہا ہے، پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے اور مسئلہ کشمیر سمیت تمام تنازعات کے پر امن حل کا حامی ہے۔، ہم نے یمن، لیبیا اور شام کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔