Friday, April 26, 2024

ملک کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی ، موسم خوشگوار

ملک کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی ، موسم خوشگوار
April 5, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) ملک کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہو گیا جب کہ آئندہ دو تین دن میں مزید بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آندھی اور تیز ہواؤں کے باعث گندم کی فصل جزوی طور پر متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ ملک کے مغربی اور بالائی علاقوں میں مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ آج داخل ہو گا، مغربی ہواؤں کا سلسلہ جمعرات تک بالائی علاقوں میں موجود رہے گا، ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق  بالائی خیبر پختونخوا، شمالی بلوچستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ،  کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔

 اسلام آباد میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ رات میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کی توقع ہے جب کہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔

 دیر، چترال، سوات، کوہستان، بونیر ، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور کرم میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے ۔