Saturday, April 20, 2024

کوشش ہے کراچی میں اگست میں گرین لائن بس سروس شروع ہوجائے، اسد عمر

کوشش ہے کراچی میں اگست میں گرین لائن بس سروس شروع ہوجائے، اسد عمر
April 3, 2021

کراچی (92 نیوز) وفاقی وزیر اسد عمر کہتے ہیں کہ، پوری کوشش ہے کراچی میں اگست میں گرین لائن بس سروس شروع ہوجائے۔

ایف پی سی سی آئی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا، کراچی سرکلر ریلوے پر بھی تیزی سے کام کیا جارہا ہے، کراچی پورٹ سے پپری تک پائپ لائن بچھائی جائے گی، کراچی کو ایک ہزار میگا واٹ بجلی دیں گے، محمود آباد سے تجاوزات کو ہٹایا جاچکا ہے، رواں سال کے سی آر کی بڈنگ بھی ہو جائے گی۔

اُن کا کہنا تھا کہ، زراعت میں منصوبے حتمی مراحل میں ہیں، نہ صرف سی پیک چل رہا ہے بلکہ اس میں وسعت آرہی ہے۔ سی پیک کے ذریعے پاکستان میں روزگار کے مواقعوں میں اضافہ ہوگا۔ سی پیک کے پہلے صنعتی زون میں چین نے سرمایہ کاری شروع کردی ہے۔ سی پیک کے مغربی روٹ پر حکومت نے بہت کام کیا ہے۔

اُنہوں نے کہا، 10 سے 11 سال بعد 2 ارب ڈالر ماہانہ سے زیادہ کی ایکسپورٹ ہوئی ہیں۔ ایکسپورٹ نہیں چلا سکتے تو ملک کو آگے لیکر نہیں چل سکتے۔ ایکسپورٹ بڑھتی ہوئی نظر آرہی ہیں،یہ قیاس آرائی نہیں۔

وفاقی وزیر بولے کہ اُمید ہے رواں سال کے آخر تک وفاقی حکومت کے تمام منصوبے مکمل ہو جائیں گے، مہنگائی بہت بڑا چیلنج ہے، وزیراعظم سب سے زیادہ وقت مہنگائی کنٹرول کرنے کے حوالے سے دیتے ہیں۔ وزیراعظم نے بھارت سے تجارت کے متبادل کے حوالے سے ہدایت کی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈارکی روپے کو منجمد کرنے کی پالیسی اسد عمر اور حفیظ شیخ نے نہیں مفتاح اسماعیل اور شاہد خاقان عباسی نے بدلی تھی۔ آپ ڈالر پھینک پھینک کر روپے کی قدر مستحکم نہیں کرسکتے۔ بغیراسٹیٹ بینک کے ڈالر ضائع کیے، روپے کی قدر 16 روپے بہتر ہوئی ہے۔

 

اسد عمر نے کہا، کورونا پر مزید اقدامات نہ کریں تو برآمدات جیسے سیکٹر بھی لپیٹ میں آسکتے ہیں، وبا زیادہ پھیل گئی تو سب کچھ بند ہونے کا خطرہ ہوتا ہے۔ جو لوگ آکسیجن اور وینٹی لیٹرز پر ہیں وہ 3400 سے زائد پر پہنچ چکے ہیں۔ مزید کہا کہ شادیوں اور ریسٹورنٹس میں ان ڈور کھانا ہائی رسک ہے۔