Friday, March 29, 2024

پلوامہ میں قابض بھارتی فوج کا نام نہاد سرچ آپریشن، 3 نہتے کشمیری نوجوان شہید

پلوامہ میں قابض بھارتی فوج کا نام نہاد سرچ آپریشن، 3 نہتے کشمیری نوجوان شہید
April 2, 2021

سری نگر (92 نیوز) بھارتی غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں مودی حکومت کی ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے۔ مقبوضہ وادی کے علاقے پلوامہ میں قابض بھارتی فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران 3 نہتے نوجوانوں کو گولیاں مار کر شہید کردیا۔

بھارتی غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے عوام مسلسل بھارتی مظالم کا شکار ہیں۔ کشمیری نوجوانوں کی نسل کُشی جاری ہے۔ قابض بھارتی فوج نے ضلع پلوامہ میں ظالمانہ کارروائی کرتے ہوئے 3 نوجوانوں کو شہید کر دیا۔

ضلع پلوامہ میں قابض بھارتی فوج نے داخلی و خارجی راستے بند کرکے گھر گھر تلاشی کے دوران خواتین سے بدتمیزی کی، بزرگوں اور بچوں پر تشدد کیا اور نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔

سرچ آپریشن کے دوران 3 نوجوانوں کو گھروں سے پکڑ کر باہر لایا گیا اور پھر اندھا دھند فائرنگ کرکے شہید کیا۔ کٹھ پتلی انتظامیہ نے انسانی حقوق کی سنگین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لاشوں کو لواحقین کے حوالے کرنے سے انکار کردیا جس پر علاقہ مکینوں اور لواحقین نے شاہراہ بلاک کرکے شدید احتجاج کیا۔

مظاہرین نے جدوجہد آزادی کشمیر کے حق اور بھارتی فوج کی جارحیت کے خلاف شدید نعرے بازی کی، مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے بھارتی فوج نے آنسوگیس کی شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کی۔

گزشتہ ماہ مقبوضہ کشمیر میں 11 کشمیریوں کو شہید کیا گیا جن میں 3 کو حراست کے دوران تشدد کرکے قتل کیا گیا جبکہ 12 مکانات کو تباہ کیا گیا۔