Friday, April 26, 2024

مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر بھارت سے تجارت نہیں ہوگی، وزیراعظم عمران خان

مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر بھارت سے تجارت نہیں ہوگی، وزیراعظم عمران خان
April 2, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر بھارت سے تجارت نہیں ہوگی۔ 

وزیراعظم عمران خان نے صاف صاف کہہ دیا ’’ کشمیر کو نظر انداز کرکے بھارت سے تجارت شروع نہیں کرسکتے ‘‘۔ وزیراعظم نے بھارت سے تجارت سے متعلق ای سی سی کی سفارشات کو مسترد کیا۔

کشمیریوں بھائیوں کے حقیقی سفیر وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر بھارت کو واضح پیغام دے دیا۔

عمران خان بولے کہ کشمیر کو حق خود ارادیت دئیے بغیر بھارت کے ساتھ تعلقات نارمل نہیں ہوسکتے۔ غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کی آئینی صورتحال بحال ہونے تک بھارت کے ساتھ کسی قسم کی تجارت نہیں ہوسکتی۔

وزیراعظم کی زیر صدارت بھارت سے تجارتی روابط سے متعلق مشاورتی اجلاس ہوا۔ وزیراعظم عمران خان نے بھارت سے تجارت سے متعلق ای سی سی کی سفارشات کو مسترد کیا اور ہدایت کی کہ پاکستان موجودہ حالات میں بھارت سے کسی قسم کی تجارت نہیں کرے گا۔

عمران خان کا کہنا تھا اس سے غلط تاثر جائے گا کہ ہم کشمیر کو نظرانداز کرکے بھارت سے تجارت شروع کریں۔  بھارت کے ساتھ آگے بڑھنے کے لیے سازگار ماحول ضروری ہے ، بھارت 5 اگست 2019کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات پر نظرثانی کرے۔

معاون خصوصی برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے کہا کہ بھارت کشمیر کے حوالے سے نظر ثانی کرے تو دیکھ لیں گے کہ بات آگے چلنی ہے یا نہیں۔

اجلاس میں غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کی آئینی صورتحال بحال ہونے تک بھارت سے تجارت نہ کرنے پر اتفاق کیا گیا۔