Thursday, March 28, 2024

بورے والا میں کِچی پکی روڈ پر ٹریفک حادثہ ، ٹرک اور کار میں تصادم آٹھ جانیں لے گیا

بورے والا میں کِچی پکی روڈ پر ٹریفک حادثہ ، ٹرک اور کار میں تصادم آٹھ جانیں لے گیا
April 1, 2021

بورے والا (92 نیوز) بورے والا میں کِچی پکی روڈ پر صبح سویرے المناک ٹریفک حادثہ پیش آیا۔ ٹرک اور کار میں تصادم آٹھ جانیں لے گیا۔

بورے والا میں کچی پکی روڑ 463 ای بی کے قریب ٹرک اور کار کے درمیان تصادم کا واقعہ پیش آیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 8 ہو گی۔ دو سالہ بچی کی نعش کار کی باڈی کے نیچے دبی ہوئی ملی۔ جاں بحق افراد ایک ہی خاندان کے ہیں۔

جانبحق افراد میں 3 بچے ، 3 خواتین اور 2 مرد شامل ہیں۔ بدقسمت خاندان کا تعلق وہاڑی کے نواحی لڈن سے ہے۔ بدقسمت خاندان کار میں سوار ہو کر لڈن سے لاہور جارہا تھا کہ 463 ای بی کے قریب حادثے کا شکار ہو گیا۔ جاں بحق افراد کی شناخت کار ڈرائیور جہانگیر ، شہریار ، احمد ، علی ، ماریہ ، صوہا ، مہوش ، بلو کے نام سے ہوئی ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بورے والا کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ عثمان بزدار نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے حادثے کے بارے میں انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی۔