Thursday, March 28, 2024

کورونا کی تیسری لہر میں بچے نشانے پر ، چلڈرن اسپتال لاہور میں دو بچے دم توڑ گئے

کورونا کی تیسری لہر میں بچے نشانے پر ، چلڈرن اسپتال لاہور میں دو بچے دم توڑ گئے
March 31, 2021

لاہور (92 نیوز) کورونا کی تیسری لہر میں بچے نشانے پر آ گئے۔ چلڈرن اسپتال لاہور میں دو بچے دم توڑ گئے۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق جاں بحق ہونے والا ایک بچہ دو دن جبکہ دوسرا پانچ ماہ کا تھا۔ اسپتال میں اب بھی کورونا سے متاثرہ 12 بچے زیر علاج ہیں۔

اُدھر اسلام آباد میں چوبیس گھنٹے کے دوران ایک سے دس سال کی عمر کے مزید ایک سو آٹھ بچے کورونا کا شکار ہو گئے جس کے بعد متاثرہ بچوں کی مجموعی تعداد پانچ ہزار 726 ہو گئی۔

پنجاب میں بھی سات روز میں 125 بچوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔ گلگت بلتستان میں بھی تین بچے خطرناک وائرس سے متاثر ہوئے۔

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ بچوں کو بچانے کے لیے ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنا ہو گا۔ ڈاکٹرز کے مطابق والدین ماسک کا استعمال ، ہینڈ سینیٹائز اور بچوں کو غیر ضروری گھر سے باہر نکالنے سے گریز کریں۔