Wednesday, May 1, 2024

تمام ہمسایہ ممالک سے پُرامن اور دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں، وزیراعظم کا مودی کو جوابی خط

تمام ہمسایہ ممالک سے پُرامن اور دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں، وزیراعظم کا مودی کو جوابی خط
March 30, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے جوابی خط میں نریندر مودی کو پیغام دیتے ہوئے لکھا کہ حکومت پاکستان اور عوام بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک سے پرامن اور دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں۔

پاکستان نے ایک بار پھر بھارت سے امن کے لیے ہاتھ آگے بڑھا دیا۔

وزیراعظم عمران خان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو جوابی خط لکھ دیا۔ وزیراعظم نے لکھا کہ پاکستانی حکومت اور عوام بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک سے پرامن اور دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں۔

وزیراعظم نے مزید لکھا کہ جنوبی ایشیا میں دیرپا امن کے لیے کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب تنازعات کا حل ضروری ہے۔ تعمیری اور نتیجہ خیز مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا ضروری ہے۔

وزیراعظم نے خط میں یوم پاکستان کی مبارکباد دینے پر بھارتی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی کورونا وبا کے خلاف بھارتی عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے 23 مارچ کو وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھ کر یوم پاکستان کی مبارکباد اور خوشگوار تعلقات کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔