Friday, April 19, 2024

فارن فنڈنگ کیس ، اسکروٹنی کمیٹی نے تحقیقات میں تاخیر کا ملبہ اکبر ایس بابر پر ڈال دیا

فارن فنڈنگ کیس ، اسکروٹنی کمیٹی نے تحقیقات میں تاخیر کا ملبہ اکبر ایس بابر پر ڈال دیا
March 30, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کا ریکارڈ دینے سے متعلق کیس میں اسکروٹنی کمیٹی نے تحقیقات میں تاخیر کا ملبہ درخواست گزار اکبر ایس بابر پر ڈال دیا۔

درخواست گزار اکبر ایس بابر اور پی ٹی آئی کے وکیل شاہ خاور الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔ اسکروٹنی کمیٹی نے پی ٹی آئی غیرملکی فنڈنگ تحقیقاتی رپورٹ الیکشن کمیشن میں جمع کرا دی۔  ممبر الطاف ابراہیم قریشی نے کہا کہ اگر اکبر ایس بابر ایسے درخواستیں دیتے رہیں گے تو کیس تاخیر کا شکار ہو گا۔

وکیل اکبر ایس بابر نے کہا کہ کارروائی خفیہ رکھنے کی پی ٹی آئی کی درخواست پہلے خارج ہو چکی ہے۔ پی ٹی آئی کی جعلی دستاویزات پر ٹھپہ نہیں لگا سکتے۔

ممبر پنجاب الطاف ابراہیم قریشی نے کہا کہ اکبر ایس بابر کو دستاویزات دینے میں حرج ہی کیا ہے؟ جس پر پی ٹی آئی کے وکیل کا کہنا تھا کہ کمیشن نے قانون اور سپریم کورٹ احکامات کو مدنظر رکھنا ہے۔

الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو میں اکبر ایس بابر کا کہنا تھا دنیا کا واحد کیس ہے مدعی مقدمہ سے دستاویزات چھپائی جارہی ہیں۔

تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب بولے پی ٹی آئی کو ممنوعہ فنڈنگ کیس پر بے جا تنقید کا نشانہ بنایا گیا، ہمارا مؤقف سچ ثابت ہوا۔

دوران سماعت ممبر پنجاب الطاف ابراہیم قریشی کا کہنا تھا کہ مثبت تنقید اچھی بات ہے لیکن کیس کی کارروائی پر گفتگو مناسب نہیں۔

الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت 6 اپریل تک ملتوی کر دی۔