Friday, April 26, 2024

رمضان میں عمرہ کی اجازت ہوگی، سربراہ اُمور حرمین شریفین شیخ عبدالرحمان السدیس

رمضان میں عمرہ کی اجازت ہوگی، سربراہ اُمور حرمین شریفین شیخ عبدالرحمان السدیس
March 29, 2021

مکہ (92 نیوز) حرمین شریفین کے اُمور کے سربراہ شیخ عبدالرحمان السدیس کا کہنا ہے کہ ماہ رمضان میں عمرہ کی اجازت ہوگی۔ وباء کے باعث سحری و افطاری کے اجتماعات اور کعبہ شریف کو چھونے پر پابندی ہوگی۔

سعودی حکام نے مسجدالحرام میں رمضان المبارک کے ایس او پیزکا اعلان کردیا۔

حرمین شریفین اُمور کے سربراہ امام عبدالرحمان السدیس کہتے ہیں رمضان المبارک میں عمرہ کی اجازت ہوگی۔

سربراہ اُمور حرمین شریفین کے مطابق عالمی وبا کے باعث اس برس مسجدالحرام میں نماز تراویح دس رکعت پر مشتمل ہوگی جس کے بعد تین وتر باجماعت ادا کیے جائیں گے۔

نمازیوں کو عبداللہ توسیع، پہلی منزل ، چھت اور صحت تک محدود رکھا جائے گا۔ اجتماعی دعوت افطار اور زم زم کی سپلائی بند رہے گی۔ آخری عشرے میں اعتکاف کی اجازت بھی نہیں ہوگی۔

روزہ داروں کو مجموعی افطار کے بجائے انفرادی طور پر افطار اور زم زم کی بوتلیں پیش کی جائیں گی۔

نماز تراویح مقرر کردہ جگہوں پر ادا کی جاسکے گی، مطاف میں صرف عمرہ زائرین کو جانے کی اجازت دی جائے گی۔ بیت اللہ شریف کو چھونے کی اجازت نہیں ہوگی۔

حرم شریف میں داخلے کی اجازت خصوصی موبائل ایپ کے ذریعے ہی ممکن ہوگی۔