Friday, April 19, 2024

قومی اسمبلی، منی بل کے آرڈیننس پر حکومتی اور اپوزیشن ارکان میں گرما گرم بحث

قومی اسمبلی، منی بل کے آرڈیننس پر حکومتی اور اپوزیشن ارکان میں گرما گرم بحث
March 29, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) قومی اسمبلی کے اجلاس میں منی بل کے آرڈیننس پر حکومتی اور اپوزیشن ارکان میں گرما گرم بحث ہوئی۔ حکومتی ارکان کا کہنا تھا منی بل آرڈیننس سے لایا جا سکتا ہے، احسن اقبال،راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا، منتخب نمائندوں کی منظوری کے بغیرکوئی ٹیکس نہیں لگایا جا سکتا۔

آرڈیننس کے ذریعے مالیاتی بل نافذ کرنے کیخلاف اپوزیشن کی جانب سے قومی اسمبلی میں شدید احتجاج کیا گیا۔

ن لیگی رہنماء احسن اقبال کا کہنا ہے مالیاتی بل صرف قومی اسمبلی میں لایا جا سکتا ہے، آرڈیننس کے ذریعے سات سو ارب سے زائد کے ٹیکس اقدامات آئین کی خلاف ورزی ہے، اسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کا ذیلی دفتر نہیں بننے دیں گے۔

ادھر پرویز اشرف بولے کہ، سپریم کورٹ میں جانے کے بجائے معاملہ ایوان میں حل کرنا ہے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی رکن اسمبلی بابر اعوان کا کہنا ہے آئین میں کہیں نہیں لکھا آرڈیننس کے ذریعے منی بل نہیں لایا جاسکتا، منی بل آرڈیننس کو ہاؤس میں لائیں گے اور بحث کی جائے گی۔

حماد اظہر بولے ٹیکس نظام سابق حکومت نے ایس آر او کے ذریعے خراب کیا۔

اسپیکر اسد قیصر کی آرڈیننس پر بحث کیلئے حکومت اور اپوزیشن کے قانونی ماہرین کا اجلاس بلانے کی تجویز دیدی، کہا اس اجلاس میں بحث کے بعد فیصلہ کرلیں گے۔