Friday, April 26, 2024

سعودی فرمانروا کا 10 بلین ٹری منصوبے کا اعلان، وزیراعظم عمران خان کا نیک خواہشات کا اظہار

سعودی فرمانروا کا 10 بلین ٹری منصوبے کا اعلان، وزیراعظم عمران خان کا نیک خواہشات کا اظہار
March 29, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) عمران خان کے 10 بلین ٹری سونامی منصوبے کی دھوم، سعودی فرمانروا نے بھی 10 بلین ٹری منصوبہ شروع کرنے کا اعلان کردیا۔

وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو خط میں نیک خواہشات کا اظہار کیا، مزید لکھا کہ سعودیہ کے گرین منصوبے کی حمایت کرتے ہیں اور ملکر کام کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے بلین ٹری سونامی پروگرام میں مماثلت ہے، ہم نے 2014 سے 2018 کے دوران ایک ارب درخت لگائے، 2023 تک 10 ارب درخت لگانے کا منصوبہ ہے۔ 15 فیصد زمینی اور 10 فیصد سمندری سطح پر پودے لگائیں گے۔ منصوبے سے ایکو ٹورازم کو فروغ اور ملازمتیں پیدا ہوں گی۔

مزید لکھا کہ، 2030 تک 60 فیصد انرجی کو کلین انرجی پر شفٹ کر رہے ہیں۔ سولر، ہوا اور پانی سے بجلی بنانے کی کیپیسٹی کو بڑھا رہے ہیں۔

دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان کو سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے ٹیلی فون کیا۔ سعودی ولی عہد نے وزیر اعظم عمران خان کی صحت کے بارے میں دریافت کیا۔

سعودی ولی عہد نے 10 بلین ٹری سونامی منصوبے میں شراکت داری کی خواہش کا اظہار کیا تو وزیر اعظم نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ دوران گفتگو علاقائی صورتحال، کورونا وباء کو کنٹرول کرنے سمیت اہم اُمور پر بات چیت کی گئی۔