Wednesday, April 24, 2024

اربوں روپے کا ڈاکہ ڈالنے والے ندیم بابر کو جیل میں ڈالیں، مریم اورنگزیب

اربوں روپے کا ڈاکہ ڈالنے والے ندیم بابر کو جیل میں ڈالیں، مریم اورنگزیب
March 27, 2021

لاہور (92 نیوز) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اربوں روپے کا ڈاکہ ڈالنے والے ندیم بابر کو جیل میں ڈالیں۔

ہفتہ کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا، ایل این جی میں 122 ارب کا ڈاکہ ڈالنے کے بعد ندیم بابر کو ہٹا دیا گیا۔ لاہورمیٹرو 27 ارب اور پشاور میٹرو 120 ارب روپے میں بنی، بی آرٹی پشاور میں 105 ارب روپے کا ڈاکہ ڈالا گیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ معاشی سالمیت اور اسٹیٹ بینک کو آئی ایم کے حوالے کردیا گیا۔ مہنگائی کی شرح تین سے بڑھ کر سولہ فیصد ہوچکی، جب تک نااہل ٹولہ ملک پر مسلط ہے مہنگائی بڑھتی رہے گی، عوام انکا احتساب کریں گے۔ آج تک قرضہ کمیشن کی رپورٹ نہیں آئی۔

ترجمان ن لیگ بولیں کہ کاغذ لہرا لہرا کر شہبازشریف پر الزامات لگانے والے شہزاداکبر سینیٹ ٹکٹ نہ ملنے پر آج سیاسی یتیم ہوچکے۔ سیاسی مخالفین کی آواز بندی اور قید کیلئے سیاسی انتقام ہوا۔

اُنہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم میں کسی کو کان پکڑ کر نہیں لایا گیا تھا، ن لیگ کا مؤقف رہا ہے جو اقتداراختیار کے بغیر ہو گا وہ نہیں چاہیے۔ جو کل ہوا وہ افسوسناک ہے، یہ پی ڈی ایم کے اتحاد اور چارٹر کی نفی ہے، ایک پارٹی کے فیصلے نے جدوجہد کو اجتماعی نقصان پہنچایا، مزید کہا کہ پی ڈی ایم ہنگامی سربراہی اجلاس بلانے کا سوچ رہی ہے۔