Friday, April 26, 2024

پاکستان بھارت بریگیڈ کمانڈرز کی فلیگ میٹنگ، ایل ا و سی نکات پر عملدرآمد کے لائحہ عمل کا جائزہ

پاکستان بھارت بریگیڈ کمانڈرز کی فلیگ میٹنگ، ایل ا و سی نکات پر عملدرآمد کے لائحہ عمل کا جائزہ
March 26, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان بھارت بریگیڈ کمانڈرز کی سطح پر فلیگ میٹنگ ہوئی، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ڈی جی ایم اوز کے مابین ایل ا و سی پر تعین شدہ اتفاق رائے کے نکات پر عملدرآمد کے لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔

پاکستان اور بھارت بریگیڈ کمانڈرز کی سطح کی فلیگ میٹنگ راولا کوٹ پونچھ کراسنگ پوائنٹ پر ہوئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے پاکستان اور بھارت کے مابین بریگیڈ کمانڈرز کی سطح کی فلیگ میٹنگ کی تصدیق کی اور بتایا کہ میٹنگ کا مقصد ڈی جی ایم اوز کے مابین ایل ا و سی پر تعین شدہ اتفاق رائے کے نکات پر عملدرآمد کے لائحہ عمل کا جائزہ لینا تھا۔

گزشتہ ماہ پاکستان اور بھارت کی افواج کے ڈائریکٹرز جنرل ملٹری آپریشنز نے ہاٹ لائن پر رابطہ کر کے کنٹرول لائن پر دو طرفہ فائرنگ کے واقعات کو روکنے کے تمام معاہدوں پر من وعن عمل کرنے پر اتفاق کیا تھا۔

پاک بھارت تعلقات ہر دور میں اتار چڑھاؤ کا شکار رہے ہیں، لیکن بھارت کی جانب سے سرحدی علاقوں میں ہمیشہ چھیڑچھاڑ کی گئی اور بلااشتعال فائرنگ کے واقعات ہونے کے بعد دونوں ملکوں کے مابین نہ صرف تعلقات خراب ہوئے بلکہ مذاکرات بھی ڈیڈ لاک کا شکار ہوگئے۔

پاکستان کی جانب سے ہمیشہ ان واقعات کی مذمت کے ساتھ تعلقات کی بحالی اور مذاکرات کی میز پر آنے کی دعوت دی جاتی رہی ہے۔