Friday, March 29, 2024

نلتر سانحہ کے شہداء سپردخاک، شہر بھر میں سوگ کا سماں

نلتر سانحہ کے شہداء سپردخاک، شہر بھر میں سوگ کا سماں
March 26, 2021

گلگت (92 نیوز) نلتر سانحہ کے شہداء کی نماز جنازہ گلگت میں ادا کر دی گئی، آہوں اور سسکیوں میں سپردخاک کردیا گیا۔ شہر بھر میں سوگ کا سماں ہے۔ مختلف مقامات پر احتجاج بھی کیا گیا۔ تاجروں کی جانب سے جزوی شڑڈاون ہڑتال کی گئی۔ گلگت میں سکیورٹی انتظامات سخت کردیئے گئے۔

سانحہ نلتر میں شہید ہونے والے پانچ افراد کی نماز جنازہ گلگت میں ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ مرکزی جامع مسجد اہل سنت کے سامنے مین شاہراہ پر ادا کی گئی۔ نماز جنازے میں وزیر اعلٰی خالد خورشید، صوبائی وزراء، چیف سیکریٹری فورس کمانڈر گلگت بلتستان اور سابق وزیر اعلٰی حفیظ الرحمن سمیت دیگر حکام اور شہریوں نے بڑی تعداد بھی شرکت کی۔ نماز جنازے کے بعد شہداء کے جسد خاکی آبائی گاؤں منتقل کردئیے گئے۔

سانحہ کے خلاف گلگت بلتستان کے مختلف مقامات پر احتجاج کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ گلگت میں انجمن تاجران کی کال پر شہربھر میں جزوی شڑڈاون ہڑتال رہی۔ امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے لئے سیکورٹی کے سخت انتظامات کردئیے گئے ہیں۔

گورنر اور وزیراعلی گلگت بلتستان نے واقعہ کا سخت نوٹس لیا اور ملوث افراد کو فی الفور گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایت کی ۔۔ پولیس کے مطابق ابتک تین افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز گلگت سے نلتر جانے والی مسافروین فائرنگ سے خاتون سمیت چھے افراد شہید جبکہ 7 زخمی ہوگئے تھے۔