Friday, April 19, 2024

میرا اپوزیشن لیڈر بننا پی ڈی ایم کی فتح ہے، یوسف رضا گیلانی

میرا اپوزیشن لیڈر بننا پی ڈی ایم کی فتح ہے، یوسف رضا گیلانی
March 26, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کہتے ہیں کہ سرکاری اپوزیشن لیڈر ہوں نہ بی اے پی کے ووٹ لئے۔ میرا اپوزیشن لیڈر بننا پی ڈی ایم کی فتح ہے۔

جمعہ کے روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی، اے این پی اور دیگر جماعتوں نے بھی ساتھ دیا، پوری اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ استعفوں کی مخالفت کی کیونکہ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر کردار ادا کرنا چاہتے ہیں، لانگ مارچ کی تمام تر تیاریاں مکمل تھیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہم نے پریس کانفرنس میں بات کی تھی کہ اپوزیشن لیڈر سینٹ کا فیصلہ اتفاق رائے سے کریں گے، آصف زرداری نے نواز شریف، فضل الرحمان سمیت سب سے رابطہ کیا، بہت سی جماعتوں نے ہم سے رابطہ کرکے کہا کہ یہ پیپلزپارٹی کا حق ہے۔

کہا کہ، ان جماعتوں سے ہماری بات چلتی رہی، ہمارے پاس 21 ووٹ تھے، جماعت اسلامی، اے این پی نے ہمارے ساتھ وعدہ کیا، فاٹا کے آزاد ارکان نے بھی ہماری سپورٹ کی۔ دلاور صاحب جن کا ن لیگ سے کافی تعلق تھا انہوں نے چار آزاد ارکان کا گروپ بنایا۔ اس آزاد گروپ نے ھمارے ساتھ تعاون کیا اور ھمارے تیس ووٹ بن گئے۔

اُن کا کہنا تھا کہ میں پہلے ہی چیرمین سینٹ بن چکا تھا جو کیس اب عدالتوں میں ہے،اب میں لیڈر آف اپوزیشن بن چکا ہوں،مولانا فضل الرحمان نے آصف زرداری سے رابطہ کیا اور کہا کہ کسی قسم کا بیان اب نہیں آئے گا۔

یوسف گیلانی نے کہا، آج مسلم لیگ ن کے ایک سینیئر عہدیدار نے کہا کہ باپ سے مل کر اکثریت حاصل کی ہے، یہ سرکاری اپوزیشن نہیں ہے، ہمیں پی ڈی ایم کو جوڑے رکھنے کے لئے ایسی باتیں نہیں کرنا چاہئیں۔ ہم چاہتے ہیں ہی ڈی ایم مہنگائی، دستور کی سربلندی سمیت عوام کے حقوق کے لئے اکٹھی رہے۔

پیپلزپارٹی کا ہمیشہ سے موقف ہے کہ پارلیمانی آپشن نہیں چھوڑنا، پارلیمنٹ کی آواز عوام کی آواز ہے جسے نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ ہم سے پی ڈی ایم سربراہ اجلاس میں دھرنے کا کہا گیا جس کی ہم نے مکمل تیاری کی۔

اُن کا کہنا تھا کہ، سینٹ میں لیڈر آف اپوزیشن کے معاملہ میں پی ڈی ایم پر بات ہوئی، میرا انتخاب بہت سخت تھا، ہم نے نہیں بولا تھا۔ مزید کہا کہ پی ڈی ایم کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم اکٹھے ہیں، میں اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلوں گا، میں سینٹ میں اپوزیشن لیڈر کے طور پر عوام کے حقوق کی جنگ لڑتا رہوں گا۔