Saturday, April 20, 2024

آج سچ کی بالادستی، جھوٹ کو شکست ہوئی، فردوس عاشق اعوان

آج سچ کی بالادستی، جھوٹ کو شکست ہوئی، فردوس عاشق اعوان
March 25, 2021

لاہور (92 نیوز) معاون خصوصی پنجاب فردوس عاشق اعوان کہتی ہیں کہ آج سچ کی بالادستی، جھوٹ کو شکست ہوئی۔ سپریم کورٹ سے این اے 75 ڈسکہ کا فیصلہ آیا، سپریم کورٹ نے ن لیگ کے بے بنیاد بیانئے کو مسترد کردیا۔

علی اسجد ملہی کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ڈسکہ الیکشن میں گدی نشینی کا سورج تحریک انصاف کے ہاتھوں غروب ہوا۔ ن لیگ نے سوچی سمجھی اسکیم کے تحت الیکشن رکوانے کی کار ستانی کی۔ اداروں کو یرغمال بنا کر الیکشن کو متنازعہ قرار دلوایا گیا۔

اُن کا کہنا تھا، ن لیگ اور کنیزیں ڈسکہ الیکشن پر ماتم کرتی رہیں، ڈسکہ میں حکومت پنجاب نے اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داریاں ادا کی ہیں۔ این اے 75میں قبضہ مافیا ملوث تھا، فائرنگ کرنے والے عناصر کو ن لیگ کی پشت پناہی حاصل تھی۔ آج سچ کی بالادستی ہوئی ہے، جھوٹ کو شکست ہوئی ہے۔

اُنہوں نے کہا، جعلساز راجکماری کرپٹ چیلوں کے سر پر سوار ہوکر نیب پیشی کا ارادہ رکھتی ہے۔ سلیکٹڈ خاندان کا طعنہ دینے والی پیپلزپارٹی اسی خاندان کی ڈوبتی کشتی کو سہارا دینے جا رہی ہے۔ یہ سہارا دینے کے نام پر پھر سے ہاتھ کریگی۔

معاون خصوصی نے کہا، ضمانت کی آڑ میں قانون سے پنجہ آزمائی کرنے والے غلط فہمی میں نہ رہیں۔ اداروں پر حملے کرکے مظلومیت کا رونا رونا ن لیگ کی پرانی عادت ہے۔ کسی کو بھی قانون کا تماشہ بنانے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ ملزم راجکماری اداروں کو آنکھیں دکھانے کے بجائے کرپشن کی تجوریوں، ناجائز مال کا حساب دے۔

اس موقع پر علی اسجد ملہی نے کہا، تحریک انصاف کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں، الیکشن کمیشن کے رویے کی سمجھ نہیں آرہی۔