Friday, April 19, 2024

صادق سنجرانی چیئرمین سینیٹ رہیں گے ، اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھی مہر تصدیق ثبت کر دی

صادق سنجرانی چیئرمین سینیٹ رہیں گے ، اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھی مہر تصدیق ثبت کر دی
March 24, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) صادق سنجرانی چیئرمین سینیٹ رہیں گے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھی مہر تصدیق ثبت کر دی۔

 یوسف رضا گیلانی کی جانب سے چیئرمین سینیٹ کا الیکشن چیلنج کرنے کے کیس کا فیصلہ جاری کر دیا گیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے صادق سنجرانی کو ہٹانے کی درخواست خارج کر دی۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے تیرہ صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔ سید یوسف رضا گیلانی کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دی گئی۔

قبل ازیں چیئرمین سینیٹ الیکشن پر یوسف رضا گیلانی کی درخواست قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا گیا تھا۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست پرسماعت کے دوران چیئرمین سینیٹ انتخاب سے متعلق قانون پوچھا تھا ۔ فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا آئین کے آرٹیکل 60 کے تحت چیئرمین کا انتخاب ہوا، پریزائیڈنگ آفیسر نے خانے کے اندر نام پر مہر لگانے کی وجہ سے 7 ووٹ مسترد کئے، چیف جسٹس کے سوال پر بتایا کہ چیئرمین انتخاب میں الیکشن کمیشن کا کردار نہیں۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کارروائی کو استثنیٰ حاصل ہے، آرٹیکل 69 سے کیسے باہر جا سکتے ہیں؟،  فاروق ایچ نائیک نے موقف اختیار کیا تھا کہ پروسیجر یا رولزآف بزنس میں چیئرمین سینیٹ کا الیکشن شامل نہیں، بیلٹ پیپر یا ووٹ سے متعلق رولز خاموش ہیں، عدالت میں پروسیجر نہیں بلکہ انتخاب کو چیلنج کیا ہے۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ کے سوال پر پیپلز پارٹی کے وکیل کا کہنا تھا کہ چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کا طریقہ صرف عدم اعتماد ہے، چیف جسٹس کا ریمارکس میں کہنا تھا اگر یوسف رضا گیلانی کو اکثریت حاصل ہے تو چیئرمین سینیٹ کو عدم اعتماد سے کیوں نہیں ہٹایا جا رہا؟ فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا اسطرح ہٹانے کیلئے صادق سنجرانی کو چیئرمین سینیٹ تسلیم کرنا ہو گا۔