Saturday, April 20, 2024

ترقیاتی منصوبوں میں عوامی نمائندوں کی سفارشات کو ترجیح دیں گے ، عثمان بزدار

ترقیاتی منصوبوں میں عوامی نمائندوں کی سفارشات کو ترجیح دیں گے ، عثمان بزدار
March 24, 2021

لاہور (92 نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ترقیاتی منصوبوں میں عوامی نمائندوں کی سفارشات کو ترجیح دیں گے۔

وزیراعلی عثمان بزدار صوبے کی ترقی کے لئے متحرک ہو گئے۔ گوجرانوالہ، شیخوپورہ اور حافظ آباد کے لیے اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کر دیا۔ گوجرانوالہ میں گکھڑ سپورٹس کمپلیکس کا افتتاح کیا اور 3 ارب روپے کی لاگت سے یونیورسٹی آف گوجرانوالہ کے قیام کا اعلان کر دیا۔ 3 ارب 30 کروڑ کی لاگت سے چلڈرن اسپتال، ایک ارب 20 کروڑ کی لاگت سے دھونکل موڑ تا سوہدرہ بائی پاس اور سڑک کی تعمیر کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے ایک ارب 56 کروڑ روپے کی لاگت سے عالم چوک میں فلائی اوور کی تعمیر کا اعلان بھی کیا۔

وزیراعلیٰ نے شیخوپورہ کے لیے بھی اربوں روپے کے منصوبوں کا افتتاح کیا۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن کمپلیکس، مریدکے ٹراما سنٹر، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ ریجنل آفس، نیشنل ماڈل سکول تا فیصل آباد روڈ شرقپور چوک دو رویہ سڑک کا افتتاح کیا۔ 41 کروڑ کی فراہمی و نکاسی آب میگا پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا۔ شیخوپورہ میں وارث شاہ یونیورسٹی کے قیام کا اعلان بھی کیا۔

وزیراعلیٰ نے حافظ آباد کیلئے بھی سات ارب 20 کروڑ روپے کے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 3 ارب 98 کروڑ روپے کی لاگت سے سڑکوں کی تعمیر و توسیع ہو گی۔ 3 ارب 35 کروڑ روپے کے مزید 20 منصوبے بھی لا رہے ہیں۔