Saturday, April 20, 2024

یومِ پاکستان، دنیا بھر میں موجود پاکستانی سفارتخانوں اور ہائی کمیشنز میں پُروقار تقریبات

یومِ پاکستان، دنیا بھر میں موجود پاکستانی سفارتخانوں اور ہائی کمیشنز میں پُروقار تقریبات
March 23, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) یومِ پاکستان پر دنیا بھر میں موجود پاکستانی سفارتخانوں اور ہائی کمیشنز میں پُروقار تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ قومی ترانے کی دھنیں بکھیری گئیں اوروطن عزیزکی ترقی کیلئے ہرممکن اقدام اٹھانےکاعزم دہرایا گیا۔

یوم پاکستان پر دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانے اور ہائی کمیشنز قومی ترانے سے گونج اٹھے۔ بین الاقوامی دارالحکومتوں میں پروقار تقریبات ہوئیں۔ صدرپاکستان عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان کے پیغامات پڑھ کرسنائے گئے۔

سڈنی، میلبرن اورکینبرامیں رنگارنگ تقریبات ہوئیں، کار ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ بچوں نے رقص کیا اور کیڈٹس نے قومی ترانے کی دھنیں بکھیریں۔

برطانیہ، فرانس اور جرمنی میں بھی تقریبات ہوئیں۔ لندن ہائی کمیشن میں کورونا کے باعث تقریب کو مختصر کرکے سوشل میڈیا پر دکھایا گیا۔

ہائی کمیشن نئی دہلی میں چارج ڈی افیئرآفتاب حسن خان نےتقریب کی میزبانی کی، کہاپاکستان پڑوسیوں کےساتھ اچھےتعلقات کاخواہاں ہے۔

سفارتخانہ پاکستان ریاض اورقونصلیٹ جنرل جدہ میں یوم پاکستان پر سبزہلالی پرچم لہرایا گیا۔

کوالالمپورمیں ہائی کمیشن کےخوبصورت سبزہ زارمیں قومی پرچم کے رنگ بکھر گئے، ہائی کمشنر آمنہ بلوچ نے پرچم کشائی کی۔

روسی دارالحکومت ماسکو اوربیلاروس کے درالحکومت منسک میں تقاریب کے شرکا نے وطن سے محبت کا اظہار کیا۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے صدر عارف علوی سے رابطہ کیا اور یومِ پاکستان کی مبارکباد دی۔

روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے ٹویٹر پیغام میں صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان کو یوم پاکستان کی مبارکباد پیش کی۔
سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیزاورولی عہد محمد بن سلمان نےبھی نیک تمناوں کا اظہار کیا۔

یورپی پارلیمنٹ کےنائب صدر فیبیو ماسیمو ،چینی سفیرنونگ رونگ ،جرمن سفیر برنارڈ شلیگ ہیک نے بھی پاکستان کیلئے نیک تمناوں کا اظہارکیا۔