Thursday, March 28, 2024

وزیر اعظم اور خاتون اول کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ، گھر پر قرنطینہ کر لیا

وزیر اعظم اور خاتون اول کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ، گھر  پر قرنطینہ کر لیا
March 20, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ خاتون اول بشریٰ بی بی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ، دونوں نے خود کو گھر پر قربطینہ کرلیا۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم  سے ملاقات کی ، وزیر اعظم کی حالت بہتر ہے ،  وہ ہشاش بشاش ہیں، صحت سے متعلق پریشانی کی کوئی بات نہیں۔

وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے الحمداللہ وزیراعظم خیریت سے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان میں کورونا علامات شدید نہیں۔ وزیراعظم کو 18 مارچ کو ویکسین لگنے سے پہلے انفیکشن ہوچکا تھا۔

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد  نے ٹویٹ پیغام میں وزیراعظم عمران خان کے لئے نیک خواہشات کا اظہارکیا اور جلد صحتیابی کے لئے دعا دی۔ اللہ تعالی وزیر اعظم عمران خان کو صحت کاملہ عطاء فرمائے۔

شیخ رشید احمد نے کہا، پوری قوم کی دعائیں وزیراعظم کے ساتھ ہیں۔ انشاءللہ! عمران خان جلد صحتیاب ہونگے۔

ادھر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے وزیر اعظم عمران خان کی صحت و تندرستی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ نریندر مودی نے کہا کہ  دعا ہے وزیراعظم عمران خان کورونا سے جلد صحت یاب ہوں ۔