Wednesday, April 24, 2024

کورونا کیسز کی شرح خطرناک حد تک بڑھ گئی، ڈاکٹر فیصل سلطان

کورونا کیسز کی شرح خطرناک حد تک بڑھ گئی، ڈاکٹر فیصل سلطان
March 20, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہےکہ کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے۔ اسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کا دباؤ بڑھ رہا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس کے بعد نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ کورونا کیسز تیزی سے اوپر گئے ہیں، جب بھی مثبت کیسز بڑھے ہیلتھ کے نظام پر دباؤ آنا شروع ہوجاتا ہے، یہ دباؤ واضح طور پر اسپتالوں میں نظر آرہا ہے۔

انہوں نے کہا، کورونا کیسز کا زور اس وقت پنجاب میں دکھ رہا ہے۔ پچھلے چند دنوں میں کورونا کیسز میں اضافہ ہورہا ہے۔ یہ موقع انتہائی احتیاط کا ہے، عوام ماسک کا استعمال کریں اور ہجوم والی جگہوں پر نہ جائیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کی ضرورت ہے، انتظامیہ کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائے، خدانخواستہ صورتحال ہمارے ہاتھوں سے نکل نہ جائے۔

معاون خصوصی صحت بولے کہ کچھ ممالک جن کا تعلق افریقہ یا جنوبی امریکا سے ہے وہاں سفر کے حوالے سے پابندیاں ہوں گی۔ کچھ اضافی ویکسین خریداری کے ذریعے حکومت فراہم کررہی ہے۔ ویکسین کی اضافی کھیپ اس ماہ کے آخر میں موصول ہو جائیں گی۔