Tuesday, April 16, 2024

وزیراعظم، اسپیکر کی سربراہی میں قائم کمیٹی کو عوامی مسائل حل کرنے کا کہیں، شجاعت حسین

وزیراعظم، اسپیکر کی سربراہی میں قائم کمیٹی کو عوامی مسائل حل کرنے کا کہیں، شجاعت حسین
March 19, 2021

لاہور (92 نیوز) صدر ق لیگ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان، اسپیکرقومی اسمبلی کی سربراہی میں بننے والی کمیٹی کو عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا کہیں۔

چودھری شجاعت حسین نے گفتگو میں کہا اختلافات بھلا کر عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے پر توجہ دی جائے، بنیادی مسائل میں مہنگائی، بیروزگاری اور قیمتوں پر کنٹرول کرنا شامل ہے۔ حکومت دیکھے کہ مہنگائی، بیروزگاری کی وجہ کیا ہے، کیسے پیدا ہوئی اور کس نے پیدا کی؟ کمیٹی دیکھے مہنگائی کو دور کرنے کیلئے کیا اقدامات اٹھائے جائیں۔ باقی مسائل میں ووٹوں کو نوٹوں سے بچانے کیلئے اقدامات بھی شامل ہیں۔

انہوں نے کہا، بےشک مارشل لاء سے اختلافات ہو سکتے ہیں، مگر پچھلے چاروں مارشل لاء کی مثالیں دی جا سکتی ہیں۔ مارشل لاء میں قیمتوں پر کنٹرول، مہنگائی کے خاتمے کیلئے پہلے 2 ہفتوں میں اقدامات کیے تھے، مارشل لا دور کے وہ اقدامات آج بھی عوام کو یاد ہیں۔

اُن کا کہنا تھا، کمیٹی مہنگائی، بیروزگاری اور عوام کے دوسرے مسائل کے حل کیلئے تجاویز پیش کرے، ساری میٹنگوں میں سیاسی مسائل کی طرف توجہ دے کر وقت ضائع نہ کیا جائے۔

صدر ق لیگ مزید بولے کہ کمیٹیاں ہمارے دور میں بھی بنتی رہیں، انکی رپورٹیں آج بھی سردخانے میں پڑی ہیں، رپورٹیں محنت سے تیار کی جاتی ہیں مگر ان پر عملدرآمد کیلئے مصلحتوں سے کام لیا جاتا ہے۔ وزیراعظم عمران خان وقت کا تعین کریں ورنہ یہ کمیٹی بھی کارپوریشن کمیٹی بن کے رہ جائے گی۔