Tuesday, April 23, 2024

لیگی حکومت نیب قوانین میں ترمیم کرتی تو پی ٹی آئی کرپشن کا الزام لگا دیتی ، محمد زبیر

لیگی حکومت نیب قوانین میں ترمیم کرتی تو پی ٹی آئی کرپشن کا الزام لگا دیتی ، محمد زبیر
March 19, 2021

لاہور (92 نیوز) محمد زبیر نے کہا لیگی حکومت نیب قوانین میں ترمیم کرتی تو پی ٹی آئی کرپشن کا الزام لگا دیتی۔

محمد زبیر نے پروگرام نائٹ ایڈیشن میں گفتگو کرتے ہوئے کہا دیگر ملکوں میں احتساب چار پانچ سال کیلئے ہوتا ہے۔ نیب پچھلے تیس پینتیس سال کی انکوائریاں کر رہا ہے۔ اگر ہم حکومت میں رہ کر نیب قوانین میں ترمیم کرتے تو کہتے کہ ہم کرپشن کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا مریم نواز پہلے بھی نیب دھڑلے سے گئیں تھیں۔ تب نیب نے دروازے بند کر دئیے تھے۔ مریم نواز اب پھر نیب جائیں گی۔ مریم نواز جیل جانے سے نہیں ڈرتیں۔

 محمد زبیر نے کہا پی ڈی ایم سمجھتی ہے کہ لانگ مارچ استعفوں کے ساتھ ہونا چاہئے۔ پیپلزپارٹی سمجھتی ہے کہ ابھی استعفوں کا وقت نہیں آیا۔ شاہد خاقان کے گھر پر طے ہوا تھا کہ اپوزیشن لیڈر ن لیگ کا ہو گا۔ چیئرمین یا ڈپٹی چیئرمین سینیٹ پی ڈی ایم سے کوئی منتخب ہویا نہ ہو یہ طے ہوا تھا کہ ن لیگ کا ہی اپوزیشن لیڈر ہو گا۔

ادھر فواد چودھری نے کہا نیب قوانین میں ترمیم کیلئے کمیٹی میں حکومت اور اپوزیشن سے برابر ارکان شامل ہوں گے۔ حکومت کو اب اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں رہا۔ ن لیگ میں دو طرح کے دھڑے ہیں۔ ایک وہ طبقہ جو پارلیمنٹ میں ہیں وہ اور طرح سے سوچتے ہیں۔ جو پارلیمنٹ میں نہیں ہے وہ تباہی والا راستہ اختیارکرنا چاہتے ہیں۔ مریم نواز اور محمد زبیر دوسرے طبقے سے تعلق رکھتے ہیں۔