Thursday, April 18, 2024

دہشت گردی اور ٹیرر فنانسنگ الزامات، ایم کیو ایم مرکز خورشید بیگم سیکریٹریٹ سیل

دہشت گردی اور ٹیرر فنانسنگ الزامات، ایم کیو ایم مرکز خورشید بیگم سیکریٹریٹ سیل
March 18, 2021

کراچی (92 نیوز) ایف آئی اے کاؤنٹر ٹیررازم ونگ نے دہشت گردی اور ٹیرر فنانسنگ کے الزامات کے تحت ایم کیو ایم مرکز خورشید بیگم سیکریٹریٹ کو سیل کرنے کے بعد اراضی کی دستاویزات تحویل میں لے لیں۔

ایف آئی اے نے بڑا ایکشن کرتے ہوئے دہشت گردی اور ٹیرر فنانسنگ کے سنگین الزامات پر عزیزآباد میں ایم کیو ایم کے خورشید بیگم سیکریٹریٹ کو سیل کرکےاراضی کی دستاویزات تحویل میں لے لیں۔

ایف آئی اے ذرائع کے مطابق خورشید بیگم سیکریٹریٹ کی اراضی حکومت سے ننانوے سال کی لیز پرپینسٹھ روپے فی اسکوائر یارڈ ادائیگی کے عوض حاصل کی گئی۔ جس کے سالانہ کرائے کی مد میں دو روپے فی اسکوائر یارڈ سالانہ کرایہ بھی انیس سو نوے سے ادا نہیں کیا گیا۔

اراضی پر اسپتال اور کے کے ایف ایمبولینس سروس کا مرکز قائم کئے جانے کی بجائے خورشید بیگم سیکریٹریٹ قائم کیا۔

سی ٹی ڈبلیو حکام کی ہدایت پر کے ایم سی کے متعلقہ ڈویژن نے سیکرٹریٹ سیل کرنے کے بعد اراضی کی دستاویزات ایف آئی اے کے حوالے کردیں۔

ایف آئی اے ذرائع کےمطابق کے کے ایف کے اکاؤنٹس ٹیرر فنانسنگ، بھتہ خوری، منی لانڈرنگ اور جائیدادیں خریدنے کے لئے استعمال ہوئے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر سی ٹی ڈبلیو رحمت اللہ ڈومکی سیل کی گئی اراضی کی دستاویزات انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت اسلام آباد میں جمع کرائیں گے۔