Friday, April 26, 2024

فارن فنڈنگ کیس ، اکبرایس بابر کی الیکشن کمیشن سے اسکروٹنی کمیٹی کا ریکارڈ فراہم کرنے کی استدعا

فارن فنڈنگ کیس ، اکبرایس بابر کی الیکشن کمیشن سے اسکروٹنی کمیٹی کا ریکارڈ فراہم کرنے کی استدعا
March 16, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) فارن فنڈنگ کیس میں درخواست گزار اکبر ایس بابر نے الیکشن کمیشن سے اسکروٹنی کمیٹی کا ریکارڈ فراہم کرنے اور الیکشن کمیشن سے خود کیس کو دیکھنے کی استدعا کر دی۔

الیکشن کمیشن ممبر خیبرپختونخوا ارشاد قیصر کی سربراہی میں 3 رکنی کمیشن نے کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت اکبر ایس بابر کے وکیل نے دلائل دیئے کہ اسکروٹنی کمیٹی میں تحریک کے پیش کیے گئے ریکارڈ تک رسائی ہمارا قانونی حق ہے۔ ہمارے ثبوتوں کے جواب میں جو ریکارڈ تحریک انصاف نے دیا اسے خفیہ کیوں رکھا جا رہا ہے۔ اسکروٹنی کمیٹی کوئی کاغذ دینے کو تیار نہیں۔ نظر یہ آ رہا ہے کہ کمیٹی کی کارروائی صرف دکھاوا ہے۔

ممبر ارشاد قیصر نے استفسار کیا کہ کیا آپ ان کاغذات کی صداقت دیکھنا چاہتے ہیں؟؟وکیل بولے سپریم کورٹ نے حنیف عباسی کیس میں کہہ دیا الیکشن کمیشن کے پاس مکمل اختیارات ہیں۔ تحریک انصاف کی امریکہ کے علاوہ کسی بھی ملک کی بنک سٹیٹمنٹ نہیں آئی۔ فنڈنگ کیس کو الیکشن کمیشن خود دیکھے۔

الیکشن کمیشن نے دلائل سننے کے بعد سماعت 22 مارچ تک ملتوی کر دی۔