Friday, March 29, 2024

کراچی اورنگی ٹاؤن میں رینجرز موبائل پر حملے کا مقدمہ سی ٹی ڈی میں درج

کراچی اورنگی ٹاؤن میں رینجرز موبائل پر حملے کا مقدمہ سی ٹی ڈی میں درج
March 16, 2021

کراچی (92 نیوز) کراچی اورنگی ٹاؤن میں رینجرز موبائل پر حملے کا مقدمہ سی ٹی ڈی میں درج کر لیا گیا۔ مقدمے میں دہشت گردی ، قتل اور اقدام قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

اورنگی ٹاون نمبر پانچ میں رینجرز موبائل کے قریب دھماکہ ہوا تھا جس کا کاونٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ میں رینجرز آفیسر کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ مقدمے میں انسداد دہشتگردی، قتل اور اقدام قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ مقدمہ نامعلوم ملزمان کےخلاف درج کیا گیا ہے۔

سی ٹی ڈی حکام نے دھماکے کے مقام سے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی۔ فوٹیج میں دو ملزمان کو موٹرسائیکل کھڑی کرتے دیکھا گیا ہے۔ جیسے ہی رینجرز کے موبائل وہاں پہنچی دھماکہ ہو جاتا ہے۔

تفتیشی حکام راستوں کی مزید سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کر رہے ہیں تاکہ معلوم ہو سکے کہ ملزمان کہاں سے آئے تھے اور کہاں چلے گئے۔

گذشتہ روز دھماکے میں ایک رینجرز اہلکار شہید اور دو اہلکاروں سمیت بارہ افراد زخمی ہوئے تھے۔ دھماکہ موٹرسائیکل میں نصب بارودی مواد کے ذریعے کیا گیا تھا۔ تفتیشی ٹیم نے دھماکے میں استعمال ہونے والی موٹرسائیکل کا ریکارڈ حاصل کر لیا۔ موٹرسائیکل چند دن پہلے چوری کی گئی تھی جس کی رپورٹ درج ہے۔