Friday, March 29, 2024

پاکستان تین طرح سے اپنے مستقبل کو سرسبز کر رہا ہے، ورلڈ اکنامک فورم کا اعتراف

پاکستان تین طرح سے اپنے مستقبل کو سرسبز کر رہا ہے، ورلڈ اکنامک فورم کا اعتراف
March 14, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) عالمی ادارہ ورلڈ اکنامک فورم نے پاکستان کی ماحول دوست کوششوں کا اعتراف کرلیا۔ ورلڈ اکنامک فورم کا کہنا ہے کہ پاکستان تین طرح سے اپنے مستقبل کو سرسبز کررہا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے ٹوئٹر پر ورلڈ اکنامک فورم کی پاکستان پر بنائی گئی ویڈیو بھی شئیر کردی۔

ورلڈ اکنامک فورم نے پاکستان کی ماحول دوست کاوشوں پر اپنے آفیشل پیج پر ویڈیو جاری کردی۔ ایک منٹ 21 سیکنڈز کی ویڈیو میں حکومت کے گرین پاکستان کوششوں کو دکھایا گیا ہے۔

ورلڈ اکنامک فورم کا کہنا ہے کہ پاکستان تین طرح سے اپنے مستقبل کو سرسبز کررہا پاکستان 2030 تک 60 فیصد بجلی قابل تجدید وسائل سے حاصل کریگا۔ پاکستان نے تمام کول پراجیکٹس منسوخ کردئیے۔ کول منصوبوں کو پانی سے بجلی بنانے کے پراجیکٹس سے تبدیل کردیا ہے۔

ورلڈ اکنامک فورم کے مطابق پاکستان نے 85 ہزار سے زائد گرین ملازمتیں پیدا کیں۔ درخت لگانے کا عمل شروع کرکے جنگلات کا تحفظ یقینی بنایا جارہا ہے۔ پاکستان نے 5000 نوجوانوں کو نیچر گارڈین کے طور پر تیار کیا۔

ورلڈ اکنامک فورم کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے 15 نئے نیشنل پارک بنائے ہیں۔ پاکستان نے 500 ملین ڈالر کے گرین یورو بانڈز لانچ کئے۔ پاکستان جلد اپنے گرین سپیس کو مالیاتی ویلیو دے گا۔ کورونا کی وباء اور ماحولیاتی تغیر نے ہماری زندگیوں کو خطرات سے دوچار کررکھا ہے۔