Friday, April 26, 2024

کورونا کیسز، اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں لاک ڈاؤن پر غور

کورونا کیسز، اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں لاک ڈاؤن پر غور
March 13, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) کورونا وائرس کی تیسری لہر، این سی او سی نے ملک میں کورونا کیسز میں اضافے پر اظہارِ تشویش کردیا، اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں لاک ڈاؤن پر غور کیا جانے لگا۔

وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا، این سی او سی کے مطابق مثبت کیسز کی شرح 5 سے 6 فیصد ہوگئی، پنجاب، اسلام آباد، کے پی کے اور آزاد کشمیر میں چند علاقوں میں زیادہ کیسز سامنے آرہے ہیں۔

حکام کے مطابق کورونا وباء پر قابو پانے کیلئے پنجاب کے اقدامات قابل تحسین ہیں۔ اسلام آباد، پنجاب اور کے پی کے مختلف علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن زیر غور ہے۔ بین الاقوامی فضائی پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ تمام فریقین کی مشاورت سے کیا جائیگا۔

این سی او سی کی جانب سے وفاق کی تمام اکائیوں کو ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرانے کی ہدایت کردی گئی۔

راولپنڈی کے علاقوں، صادق آباد گلی نمبر 4، علامہ اقبال کالونی کی گلی نمبر 27 اور عزیزآباد کے علاقے قصرابوطالب، ڈھوک پراچہ میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ کردیا گیا۔