Saturday, April 20, 2024

اسلام آباد ہائیکورٹ سے یوسف رضا گیلانی کو بڑا ریلیف، سینیٹ میں کامیابی کےخلاف درخواست خارج

اسلام آباد ہائیکورٹ سے یوسف رضا گیلانی کو بڑا ریلیف، سینیٹ میں کامیابی کےخلاف درخواست خارج
March 10, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ سے بھی یوسف رضا گیلانی کو بڑا ریلیف مل گیا۔ سینیٹ میں کامیابی کےخلاف پی ٹی آئی کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیکر خارج کر دی گئی۔

یوسف رضا گیلانی کی سینیٹ میں کامیابی کیخلاف پی ٹی آئی درخواست کی سماعت چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کی۔ چیف جسٹس نے درخواست گزار علی نواز اعوان سے کہا آپ کا کیس الیکشن کمیشن میں چل رہا ہے، پہلے اسی فورم کو استعمال کریں، ایسی درخواستیں یہاں کیوں لے کر آتے ہیں، اس موقع پر یہ رٹ قابل سماعت نہیں ہے ۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ غیر ضروری طور پر عدالتوں کو سیاسی معاملات لانا ٹھیک نہیں، ابھی الیکشن پراسس چل رہا ہے، آپ یہاں آرگو نہ کریں، اس عدالت کو پارلیمنٹ پر اعتماد ہے، عدالت عالیہ نے درخواست مسترد کردی۔

ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں پی ٹی آئی رہنما علی نواز اعوان نے کہا کہ جے یو آئی کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی آفر مذاق میں کی تھی۔ علی نواز کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان پہلی بار کسی حکومت میں نہیں بیٹھے، مولانا فضل الرحمان ہر حکومت پر تنقید کرتے ہیں اور پھر اسی حکومت میں بیٹھتے ہیں۔