Saturday, April 27, 2024

پیپلزپارٹی کے وفد کی ایم کیو ایم کے مرکز آمد ، چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں تعاون کی درخواست

پیپلزپارٹی کے وفد کی ایم کیو ایم کے مرکز آمد ، چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں تعاون کی درخواست
March 9, 2021

کراچی (92 نیوز) پیپلزپارٹی نے چئیرمین سینیٹ کیلئے پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی کیلئے ایم کیوایم پاکستان سے حمایت کرنے کی درخواست کر دی۔

ایم کیوایم کے  سینئر ڈپٹی  کنوینر عامر خان  نے بتایا کہ  پی پی پی نے   چئیرمین  سینیٹ  کیلئے یوسف رضا گیلانی کی  حمایت  کرنے کا کہا   ہے۔ رابطہ  کمیٹی سے مشاورت کے بعد  پیپلزپارٹی کے دوستوں  کو جواب دیں گے۔ یہ بھی کہا  ایم کیو ایم نے کبھی نہ کوئی دباؤ براشت کیا  ہے نہ کریں گے دبے لفظوں میں پی ٹی آئی سے شکوہ بھی کر دیا۔

صوبائی  وزیر  ناصر حسین شاہ   بولے   بلاول بھٹو کی ہدایت پر یہاں آئیں ہیں ، جمہوریت کا یہی حسن ہے کہ بار بار بات کی جائے امید  ہے اس بار  متحدہ ہمیں   سپورٹ کرے گی۔

دوسری جانب حکومت کی پی ڈی ایم کے رہنما عبدالغفور حیدری کو ڈپٹی چئیرمین کی آفر  پر حکومت کے اتحادی  ایک بار پھر  لاعلم   ہیں۔ ذرائع کے  مطابق عبدالغفور حیدری کو ڈپٹی چئیرمین کی آفر دینے سے متعلق  ایم کیوایم سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی جبکہ چئیرمین سینیٹ کے نام  پر   بھی  حلیف جماعت کو   اعتماد میں نہیں لیا گیا تھا  ۔