Wednesday, May 8, 2024

سندھ اسمبلی میں شورشرابہ ، ناراض ساتھیوں کی آمد پر پی ٹی آئی ارکان کا احتجاج

سندھ اسمبلی میں شورشرابہ ، ناراض ساتھیوں کی آمد پر پی ٹی آئی ارکان کا احتجاج
March 8, 2021

کراچی (92 نیوز) سندھ اسمبلی میں آج پھر شورشرابہ دیکھنے میں آیا۔ اپوزیشن اور حکومتی ارکان میں گرما گرمی ہوئی۔ ناراض ساتھیوں کی آمد اور حکومتی بینچوں پر بٹھانے پر پی ٹی آئی ارکان نے احتجاج کیا۔

خرم شیر زمان اور اسپیکر سندھ اسمبلی کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔ خرم شیر زمان نے کہا کہ یہ فلور کراسنگ اور قواعد کی خلاف ورزی ہے۔ اسپیکر نے کہا کہ تم لوگوں کو رولز پڑھنا نہیں آتے یہ کاغذ اپنے منہ پر مارو۔

خرم شیرزمان نے کہا کہ ہم الیکشن کمیشن کو لکھیں گے۔ اغا سراج دررانی نے کہا کہ جاو جس کو جو لکھنا ہے لکھ دو۔ تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی اسپیکر ڈائس کےسامنے جمع ہو گئے اور احتجاج کیا۔

پیپلزپارٹی کے امداد پتافی نے کہا کہ جی ڈی اے والوں نے چھ نام دئیے ہیں ، پہلے ان کے نام سامنے لائیں۔ مکیش کمار چاولہ نے کہا کہ پتہ نہیں کتنے ضمیر فروش ایوان میں بیٹھے ہیں۔ کیا سب کو ایوان سے نکالیں گے۔

شورشرابے کے دوران اسپیکر نے اجلاس دس منٹ کے لئے ملتوی کر دیا۔