Friday, April 19, 2024

سمری پبلک کی جائے جس میں صدر نے لکھا عمران خان اعتماد کھو چکے، مریم نواز

سمری پبلک کی جائے جس میں صدر نے لکھا عمران خان اعتماد کھو چکے، مریم نواز
March 5, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے وزیر اعظم پر تنقید کے نشتر چلا دیئے، کہتی ہیں اس سمری کو پبلک کیا جائے جس میں صدر نے لکھا ہے عمران خان اعتماد کھو چکے۔

اسلام آباد میں پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا، پوری قوم اور اداروں کو سمجھ آگئی ہے سسلین مافیا کیا ہوتے ہیں، آپ نے جس طرح الیکشن کمیشن کو نشانہ بنایا ہے یہ بڑی غلط بات ہے۔ سیکرٹ بیلٹ کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں تو اس کیلئے آئینی ترمیم کی ضرورت پڑے گی۔

انہوں نے کہا، بلوچستان، سندھ اور خیبرپختونخوا میں اربوں پتی لوگوں کو آپ نے ٹکٹ دیئے، اسلام آباد کی سیٹ نے آپ کا کچا چٹھہ کھول کر رکھ دیا۔ اداروں کو پتہ چل گیا ہو گا مافیاز کون ہیں، یہ عوام کا اعتماد کھو چکے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا، چاروں صوبوں میں ضمنی انتخابات میں عمران خان کیخلاف فیصلے آئے ہیں، یہ بات صدر مملکت کو کل سمجھ آئی ہے۔ اس سمری کو پبلک کیا جائے جس میں صدر نے لکھا ہے عمران خان اعتماد کھو چکے ہیں۔

مریم نواز بولیں کہ مسلم لیگ ن کو اب پرانی والی جماعت نہ سمجھا جائے جو آپ کا ظلم اور جبر سہہ جاتی تھی۔ اگر ہمارے ووٹ پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کی گئی تو ڈسکہ اور وزیرآباد والا حال ہوگا۔ آزاد کشمیر میں اگر گلگت بلتستان کی طرح مینڈیٹ چرانے کی کوشش کی تو اس کا بہت نقصان ہوگا۔

انہوں نے کہا، 2018ء کےالیکشن کو قبول نہیں کیا، عوام نے عوام کے ووٹ پر ڈاکہ ڈالنے کا حساب خود ہی کردیا۔ الیکشن کمیشن کی کوئی ذاتی رائے نہیں تھی انہوں نے آئینی دائرے میں پوزیشن اختیار کی۔ سپریم کورٹ نے بھی الیکشن کمیشن کی اس پوزیشن کو تسلیم کیا۔

اُن کا کہنا تھا آپ لوگوں کو کیا بتا رہے ہیں؟، بلوچستان ، سندھ اور خیبرپختونخوا میں اپنی اے ٹی ایمز کو ٹکٹ دیتے ہیں وہاں الیکشن کمیشن ٹھیک ہے مگر اسلام آباد کی ایک نشست نے آپ کا کچا چھٹا کھول دیا تو آپ نے الیکشن کمیشن کو متنازعہ بنانا شروع کردیا۔

نائب صدر مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا ہم نے اداروں کو متنازعہ نہیں بنایا بلکہ تقدس کے لئے جیلیں بھگتیں، آج بھی ان کے تقدس کی بات کرتے ہیں۔