Friday, April 19, 2024

اعتماد کا ووٹ، وزیراعظم کے اتحادیوں سے ٹیلی فونک رابطے، پارٹی رہنماوں کیساتھ مشاورت

اعتماد کا ووٹ، وزیراعظم کے اتحادیوں سے ٹیلی فونک رابطے، پارٹی رہنماوں کیساتھ مشاورت
March 4, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کیلئے وزیراعظم عمران خان فرنٹ فٹ پر آّگئے، اتحادیوں سے ٹیلی فونک رابطے، پارٹی رہنماوں کے ساتھ بھی مشاورت کی۔

وزیراعظم عمران خان کی پارٹی رہنماوں کے ساتھ بیٹھک ہوئی۔ نومنتخب سینیٹرز، وفاقی کابینہ ارکان اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے شرکت کی۔ اجلاس میں چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان نے سینیٹ کی چیئرمین شپ کیلئے صادق سنجرانی کے نام کا اعلان کیا۔ گفتگو میں کہا، عہدے کیلئے اپنا مقصد نہیں بدل سکتا، بوسیدہ نظام کی تبدیلی میرا مشن ہے، اپوزیشن کی پیسہ کی سیاست کو بے نقاب کرتا رہوں گا۔

عمران خان نے کہا کہ ملک میں نظام کی تبدیلی کا مشن لے کر آیا ہوں موقف سے پیچھے نہیں ہٹوں گا، میں اگر نظریہ پر سمجھوتا کر لوں حکومت کرنا آسان ہو جائے، اداروں کی مضبوطی اور شفافیت یقینی بنانے کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔

وزیراعظم نے اپنی اتحادی جماعت ایم کیو ایم پاکستان کے کنونئیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے فون پر رابطہ کیا۔ سینیٹ انتخابات سمیت اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کے فیصلے پر مشاورت کی۔ وزیراعظم نے ایم کیو ایم کے وفد کو اسلام آباد آنے اور ملاقات کی دعوت بھی دی۔

وزیراعظم نے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہٰی کو بھی ٹیلی فون کیا۔ وزیراعظم عمران خان کے اعتماد کا ووٹ لینے کیلئے قومی اسمبلی کا اجلاس ہفتے کی دوپہر 12 بجے ہوگا۔ کل پارلیمانی پارٹی کا اجلاس جبکہ پارٹی ارکان کواسلام آباد سے باہرجانے سے روک دیا گیا ہے۔