Friday, March 29, 2024

سینیٹ میں تحریک انصاف ایک طاقت ور جماعت بن کر سامنے آئی، فردوس عاشق

سینیٹ میں تحریک انصاف ایک طاقت ور جماعت بن کر سامنے آئی، فردوس عاشق
March 4, 2021

لاہور (92 نیوز) معاون خصوصی اطلاعات پنجاب فردوس عاشق اعوان کہتی ہیں، سینیٹ میں تحریک انصاف ایک طاقت ور جماعت بن کر سامنے آئی۔

جمعرات کے روز میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا، آج اپوزیشن والے اکٹھے ہو کر عمران خان کو للکار رہے ہیں، وزیراعظم ان بہروپیوں کو چیلنج دے کر میدان مین اتر رہے ہیں، کرپشن کے بانیوں کا اُمیدوار جیتا ہے مگر نظریہ عمران خان کا جیتا ہے۔

انہوں نے کہا، کل جمہوریت کے نام پر کھلوڑا ہوا، سیاست کے نام پر لین دین، مک مکاؤ کی سیاست کا جنازہ نکلا۔ ووٹ کو عزت کا نعرہ لگانے والوں نے نوٹ کو عزت دیکر اپنے تابوت میں کیل ٹھونکا۔

اُن کا کہنا تھا، پاکستان بھر میں چاروں اسمبلیوں اور وفاقی حکومت میں بھی ہم نے ایک سیٹ لی۔ مسلم لیگ ن کو سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان میں ایک بھی سیٹ نہ مل سکی۔ سینیٹ میں تحریک انصاف اکثریتی جماعت بن کر سامنے آئی۔ یوسف رضا گیلانی کی فتح نوٹ، ڈکیتی اور نقب زنی سے جڑی ہے۔

فردوس عاشق بولیں کہ عمران خان کا وعدہ ہے، ہم نے اداروں کو بااختیار اور کرپشن سے پاک کرنا ہے۔ وزیراعظم عمران خان ان کی ہر چالوں کو سمجھتے ہوئے جس بہادری اور دلیری سے اس پارلیمنٹ سے اعتماد  کا ووٹ لینے کا فیصلہ کرکے اس ٹولے کی بساط کو الٹ دیا اس سے حقیقت عیاں ہوگئی، اُن کو اقتدار سے دلچسپی نہیں۔ نظام میں کالی بھیڑوں کو بے نقاب کرنا عمران خان کا مشن ہے۔