Friday, April 26, 2024

پی ایس ایل 6 ، کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو شکست دے دی

پی ایس ایل 6 ، کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو شکست دے دی
March 3, 2021

کراچی (92 نیوز) پاکستان سپر لیگ میں آج پہلے میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو شکست دے دی۔

بابر اعظم اور محمد نبی کی عمدہ بیٹنگ  کی بدولت کراچی کنگز نے پشاور زلمی سے  جیت چھین لی۔ پشاور زلمی  کے عماد بٹ کی 7 گیندوں پر 27 رنز کی جارحانہ اننگز رائیگاں گئی کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا۔

189رنز کے ہدف کے تعاقب میں  کراچی کنگز کا آغاز مایوس کن رہا۔ شرجیل خان پہلی ہی گیند پر بغیر کوئی رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ جوکلارک 17 اور کولن انگرام تین رنز بنا کر  چلتے بنے۔

43رنز کے مجموعی اسکور پر تین وکٹیں گرنے پر بابراعظم اور محمد نبی پشاور  کے باؤلرز کے سامنے ڈٹ گئے اور عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 118 رنز کی شراکت داری کر کے کراچی کو چھ وکٹوں سے میچ  میں  کامیابی دلا دی۔ محمد نبی 67 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بابراعظم 77 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

پشاور زلمی کی جانب سے ثاقب محمود نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 188 رنز بنائے۔ روی  بوپارہ 58 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے ۔ عماد بٹ نے 7 گیندوں پر 27 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔ کراچی کنگز کے ڈینیئل کرسچن  نے آخری  اوور میں 32 رنز دیے۔

کراچی کنگز کی جانب سے محمد الیاس اور عباس آفریدی نے دو، دو وکٹیں  حاصل کیں۔ پی ایس ایل کے رواں سیزن میں لگاتار 13 ویں میچ میں ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے والی ٹیم نے میچ اپنے نام کیا۔