Wednesday, April 24, 2024

اپوزیشن جماعتیں سینیٹ الیکشن جیتنے کیلئے ہر حربہ استعمال کررہی ہیں، وزیراعظم

اپوزیشن جماعتیں سینیٹ الیکشن جیتنے کیلئے ہر حربہ استعمال کررہی ہیں، وزیراعظم
March 2, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) پی ٹی آئی اور اتحادی ارکان اسمبلی کا یوسف رضا گیلانی کو ووٹ نہ دینے کے عزم کا اظہار کیا، جوابی خط تحریر کردیا۔ وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں اپوزیشن جماعتیں سینیٹ الیکشن جیتنے کیلئے ہر حربہ استعمال کررہی ہیں، سینیٹ میں اکثریت حاصل کرکے عوامی مفاد کی قانون سازی کریں گے۔

وزیر اعظم عمران خان پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں مسلسل دوسرے روز بھی تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھا۔

گفتگو میں وزیراعظم نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں سینیٹ الیکشن جیتنے کیلئے ہر حربہ استعمال کررہی ہیں، اس لیے شفاف انتخابات کیلئے اوپن ووٹنگ کا حامی تھا، ہمارے اراکین سے رابطے ہورہے ہیں مگر ہم متحد ہیں، اپوزیشن کی جانب سے پیسہ اور لالچ کے باوجود سینیٹ انتخابات میں کامیابی حاصل کریں گے۔

انہوں نے تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کے ارکان قومی اسمبلی کے اعزاز میں ظہرانہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، سینیٹ ہو یا قومی اسمبلی، ہماری ترجیح عوامی مفاد ہے۔۔۔ ہمارا مشن فلاحی ریاست کی جانب گامزن ہونا ہے، ہم لوٹ مار کا بازار ختم کر کے غریب کے حالات بہتر کرنا چاہتے ہیں، چوروں کے ساتھ مقابلہ ہے، جیت ہماری ہی ہو گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے سینیٹرز آئیں گے تو آواز بھی ہو گی اور قانون سازی بھی، محض کرپشن کی وجہ سے اپوزیشن سے ہاتھ نہیں ملایا، آپ بتائیں کرپٹ لوگوں سے کیسے این آر او کر لو، عدلیہ کو بھی علم ہے کہ ووٹ چوری ہوتے ہیں، ہم ہر بحران میں سرخرو ہوئے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ قرضوں میں جکڑا ملک ملا،معاشی بحران کی وجہ ہی یہ تھی، کہتے تھے ڈالر ڈھائی سو تک پہنچ جائے گا لیکن ہم نے روپے کی قدر کو مستحکم کیا۔

کراچی کے ارکان اسمبلی کو مخاطب کرکے کہا آپ کے ان تین ایم پی ایز کا ضمیر آج جاگا ہے، اس سے قبل انکو یہ مسائل یاد نہیں تھے، الیکشن کے وقت یہ اس طرح کی گفتگو کر رہے ہیں۔