Thursday, March 28, 2024

احتساب عدالت نے خواجہ آصف کے جوڈیشل ریمانڈ میں 10روز کی توسیع کردی

احتساب عدالت نے خواجہ آصف کے جوڈیشل ریمانڈ میں 10روز کی توسیع کردی
March 2, 2021

لاہور (92 نیوز) اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں احتساب عدالت نے ن لیگی رہنما خواجہ آصف کے جوڈیشل ریمانڈ میں 10 روز کی توسیع کردی۔

لاہور کی احتساب عدالت میں آمدن سےزائد اثاثہ جات کیس کی سماعت ہوئی ، جیل حکام نےمسلم لیگ ن کےسینئر رہنما خواجہ آصف کو عدالت میں پیش کیا، محمد اکمل خان نے بطور ڈیوٹی جج کیس کی سماعت کی اور نیب پراسیکیوٹر سےریفرنس سے متعلق استفسار کیا، نیب پراسیکیوٹر نےعدالت کو آگاہ کیا کہ خواجہ آصف کےخلاف ریفرنس تیاری کےآخری مراحل میں ہے۔

راسیکیوٹر نےمؤقف اختیار کیا خواجہ آصف 1991ء میں سینیٹر بنے اور اس وقت ان کے مجموعی اثاثے 51 لاکھ روپے کے تھے، جبکہ 2018 تک ان کےاثاثے 221 ملین تک پہنچ گئے جو ملزم کی ظاہری آمدن سے مطابقت نہیں رکھتے۔

خواجہ آصف نے متحدہ عرب امارات کی ایمیکو کمپنی کی ملازمت سے 13 کروڑ روپے وصولی کا دعویٰ بھی کیا ہے، عدالت نے ملزم کےجوڈیشل ریمانڈ میں 10 روز کی توسیع کرتے ہوئے مزید سماعت 12 مارچ تک ملتوی کر دی۔