Friday, April 26, 2024

آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ سے پاک فضائیہ نے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا، ائیر چیف

آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ سے پاک فضائیہ نے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا، ائیر چیف
February 27, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) ائیر چیف مجاہد انور خان کہتے آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ سے پاک فضائیہ نے اپنی قوم کا سر فخر سے بلند کردیا۔

آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے دوسال مکمل ہونے پر اسلام آباد میں ایئرہیڈ کوارٹرز میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، اس موقع پر ایئر چیف مجاہد انور خان کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ پاک فضائیہ کے طیاروں نے شاندار فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔

تقریب میں طلباء کے ملی نغموں نے شرکاء کا لہو گرمادیا، شہداء اور غازیوں کو عظیم قربانیوں پر قوم کی جانب سے سلام پیش کیا گیا۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ائیر چیف مجاہد انور خان کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ نے ایسا ردعمل دیا جس نے اپنی قوم کا سر فخر سے بلند کردیا۔ ثابت کیا کہ ہم کسی سے کم نہیں۔ امن کی خواہش کو کمزروی سمجھنے کی غلطی نہ کی جائے۔

انہوں نے کہا، پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، پاکستانی قوم امن سے محبت کرنے والی قوم ہے، دنیا نے دیکھا پاکستان نے امن کیلئے بھارتی پائلٹ کو واپس کیا۔ حکومت پاکستان نے گرفتار بھارتی پائلٹ کو واپس کرکے اعلیٰ مثال قائم کی۔

اُن کا کہنا تھا آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے تحت ہماری افواج نے ملک کا بہترین دفاع کیا، آج سے 2 سال قبل افواج نے اپنی سلامتی کیلئے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ پاک فضائیہ کے پائلٹس کو پروفیشنل صلاحیتوں پر سلام پیش کرتا ہوں۔ کوروناوائرس میں بھی ہم نے مثالی کام کیا۔

ائیر چیف کا کہنا تھا، ہماری افواج کو ملک کے دفاع کیلئے ہر لمحہ تیار رہنا ہوگا۔ اللہ تعالیٰ ہمیں ہمت دے کہ ہم ارض وطن کا دفاع کرسکیں۔ پاکستان زندہ باد، پاک فضائیہ پائندہ باد۔