Wednesday, April 24, 2024

سینیٹ الیکشن حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد ہوگی، محمد زبیر

سینیٹ الیکشن حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد ہوگی، محمد زبیر
February 26, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) سابق گورنر سندھ اور رہنماء ن لیگ محمد زبیر کہتے ہیں، سینیٹ الیکشن حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد ہوگی۔

جمعہ کے روز اسلام آباد میں دورانِ پریس کانفرنس کہا، عمران خان کو چاہیے حفیظ شیخ کے کاغذات نامزدگی واپس لے کر یوسف رضا گیلانی کو کامیاب کرائیں۔ قدکاٹھ میں حفیظ شیخ کا یوسف رضا سے مقابلہ نہیں۔ گیلانی ڈلیور کرچکے ہیں، ویڈیواسکینڈل کا جواب عمران خان نے دینا ہے اور کسی نے نہیں۔

اُنہوں نے کہا، ابھی فیصلہ سنایا گیا ہے اور فیصلہ پورے حلقے میں دوبارہ الیکشن کا فیصلہ سنایا گیا ہے۔ اللہ کا شکر ہے اللہ نے حق کا علم بلند کیا۔ الیکشن کے پورے دن فائرنگ پر تحقیقات ہونی چاہیے۔

اُن کا کہنا تھا، 2018ء کے الیکشن میں بھی ہمارا یہ مؤقف تھا کہ دھاندلی کی گئی۔ ہمیں پرائیزنگ افسر کی بھی نگرانی کرنی ہو گی۔

صحافی نے سوال کیا، ’’ مریم نواز نے کہا تھا کہ ہمارے پاس ثبوت موجود ہیں کیا ان کو شو کیا جائے گا؟‘‘۔ محمد زبیر نے جواب میں کہا، ہم نے ثبوت پیش کیا اور آج اس کی وجہ سے فیصلہ بھی آگیا۔

ن لیگی رہنماء بولے کہ موجودہ حکومت نے سب سے زیادہ قرضے لیے ہیں، کمیشن رپورٹ تو بنی گالا میں چھپائی گئی ہے، وہ سامنے نہیں آئیگی۔ ہمارے پاس تمام قرضوں کا حساب موجود ہے، ماضی میں عمران خان حفیظ شیخ کے بارے میں کہتے تھے کہ انھوں نے قرضے لے کر ملک تباہ کیا، پی ٹی آئی کے ایم این ایز معلوم کرلیں کے حفیظ شیخ کون ہیں۔ اِن کے آنے کے بعد 15 دن بعد آئی ایم ایف سے معاہدہ ہو گیا۔

ادھر نوشین افتخار نے میڈیا سے گفتگومیں کہا، این اے 75 کی عوام اور اپنی پارٹی کا شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے مجھ پر اعتماد کیا، ڈسکہ کے لوگوں کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔