Thursday, April 25, 2024

ریسکیو 1122 جیسے ادارے کو خودمختار نہ بنا کر اس کیساتھ زیادتی کی جا رہی ہے ،پرویز الٰہی

ریسکیو 1122 جیسے ادارے کو خودمختار نہ بنا کر اس کیساتھ زیادتی کی جا رہی ہے ،پرویز الٰہی
February 23, 2021

لاہور (92 نیوز)اسپیکرپنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں کہا ہے کہ ریسکیو 1122 جیسے شاندار کارکردگی کے حامل ادارے کو خودمختار نہ بنا کر اس کے ساتھ زیادتی کی جا رہی ہے۔

پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کے دوران چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ ریسکیو 1122 جیسے شاندار کارکردگی کے حامل ادارے کو خودمختار نہ بنانا زیادتی ہے۔اس ادارے کی نا صرف اندرون ملک بلکہ اقوام متحدہ نے بھی تعریف کی اور اس کی کارکردگی کو سراہا، لیکن پھر بھی اس کے اہلکاروں کو ریگولرائز نہیں کیا گیا تو یہ نہایت افسوسناک بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر اس محکمے کو وہ سٹیٹس نہ دیا گیا جو اس کو دینا چاہئے تھا تو وہ ان تمام لوگوں کی فہرست سامنے لائیں گے جو اس ادارے کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس محکمے کے بل کو 2004ء میں ان کی حکومت نے ہی پاس کروایا تھا جس کی اب تک کی کارکردگی نہایت شاندار رہی ہے۔