Thursday, April 25, 2024

این اے 75، ن لیگ کا 23 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کرانے کا مطالبہ

این اے 75، ن لیگ کا 23 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کرانے کا مطالبہ
February 20, 2021

لاہور (92 نیوز) ن لیگ نے این اے 75 کے 23 پولنگ اسٹیشنز کے ووٹوں کا فرانزک یا دوبارہ پولنگ کرانے کا مطالبہ کردیا۔

احسن اقبال کہتے ہیں شہر کے کئی پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ گھنٹوں روکی گئی پھر عملہ غائب ہوگیا۔ ضمنی الیکشن متنازعہ ہوچکے ہیں۔

مریم اورنگزیب بولیں پہلی بار ووٹوں کے ساتھ الیکشن عملہ بھی چوری ہوا، دھند کو وجہ بنا کر عملے کو روکنا قابل مذمت ہے، جو مرضی کرلیں فتح نون لیگ کی ہوگی۔

ادھر سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا، این اے 75ڈسکہ کا الیکشن چرایا گیا، کہتے ہیں، حلقے میں مسلح افراد کھلے عام گھومتے رہے۔ ووٹرز کی لمبی قطاروں کے باوجود اضافی وقت نہیں دیا گیا۔ 20 پولنگ اسٹیشن کا صرف نتیجہ نہیں آیا بلکہ پریذائیڈنگ افسران بھی غائب ہوگئے۔ جس نے بھی یہ کیا ہے کڑی سزا ملنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ دیکھتے ہیں الیکشن کمیشن اس معاملے کو کتنی سنجیدگی سے لیتا ہے، آج الیکشن کمیشن کے پریذائیڈنگ افسر بمعہ تھیلوں کے چوری ہوگئے۔ 2018 کا الیکشن چوری ہوا، الیکشن کمیشن خاموش رہا۔ شہادتیں ہمارے پاس آئیں، ڈھونڈ رہے ہیں کوئی ویڈیو بھی مل جائے۔ الیکشن کمیشن کا ایک فرض ہے ووٹ کو عزت دو، ناانصافی سے نظام نہیں چلتے۔