Wednesday, April 24, 2024

مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما مشاہد اللہ خان کی اسلام آباد میں نمازجنازہ ادا

مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما مشاہد اللہ خان کی اسلام آباد میں نمازجنازہ ادا
February 18, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما مشاہد اللہ خان کی اسلام آباد میں نمازجنازہ ادا کر دی گئی۔ ن لیگ کے سینئر رہنماؤں سمیت سیاسی و سماجی شخصیات نے نمازجنازہ میں شرکت کی۔

مسلم لیگ ن کے سینیٹر مشاہداللہ خان مرحوم دسمبر دو ہزار بیس میں شدید علیل ہوگئے تھے جن کو اسلام آباد کےمقامی ہسپتال میں داخل کروایا گیا ۔ سینیٹر مشاہداللہ خان اڑھائی ماہ تک ہسپتال میں زیر علاج رہے تاہم گزشتہ رات ان کی طبعیت بگڑ گئی اور وہ خالق حقیقی سے جا ملے ۔

سینیٹر مشاہداللہ خان کی نمازجنازہ ادا کرنے کے بعد انکی تدفین ایچ الیون کے قبرستان میں کی گئی۔ نماز جنازہ میں چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی وزیراعظم آزادکشمیر فاروق حیدر ، مسلم لیگ ن کے رہنماوں ، شاہد خاقان عباسی، راجہ ظفرالحق ،اقبال ظفرجھگڑا، سردار ایاز صادق ، مصدق ملک ، جے یوآئی کے رہنما مولانا عطاالرحمان ، پیپلزپارٹی کے رہنما مصطفیٰ نواز کھوکر سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی ۔

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے مشاہداللہ خان کے انتقال پر افسوس کا اطہار کیا۔ مریم نواز نے کہا کہ سینیٹرمشاہداللہ خان کے انتقال کی خبر سن کر ان کو دھچکا لگا، ان کا انتقال مسلم لیگ ن کے لیے بڑا نقصان ہے۔

مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب ،شاہد خاقان عباسی سمیت دیگر رہنماوں نے افسوس کا اظہار کیا ۔ صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی ،مولانافضل الرحمان ، وزیراطلاعات شبلی فراز، پیپلزپارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری سمیت سیاسی شخصیات نے سینیٹر مشاہداللہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ۔ مشاہد اللہ کا شمار مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنماؤں میں ہوتا تھا اور وہ مسلم لیگ کی سابق حکومت میں وفاقی وزیر رہے۔