Thursday, April 18, 2024

سردیوں کا سیزن مزید طویل ، پنجاب کے میدانی علاقے دھند کی لپیٹ میں آ گئے

سردیوں کا سیزن مزید طویل ، پنجاب کے میدانی علاقے دھند کی لپیٹ میں آ گئے
February 17, 2021

لاہور (92 نیوز) رواں سال سردیوں کا سیزن مزید طویل ہوگیا۔ پنجاب کے بیشترمیدانی علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں آ گئے۔ موٹروے ایم تھری لاہور سے عبد الحکیم، ایم فور پنڈی بھٹیاں سے شام کوٹ تک بند کر دی گئی۔

آج بھی پنجاب سمیت ملک کے میدانی علاقوں میں صبح دیر تک دھند چھائی رہی۔ موٹروے کو مختلف سیکشنز سے بند کرنا پڑا۔ قومی شاہراہوں پر لاہورسے سرگودھا اور ملتان تک تمام علاقے دھند کی لپیٹ میں رہے۔ بہاولپور اور جنوبی پنجاب میں حد نگاہ 20 میٹر تک محدود رہی۔ لاہور اور فیصل آباد میں دھند کے باعث سردی بھی بڑھ گئی۔

دھند کے باعث خوشاب کے قریب دو گاڑیوں میں تصادم سے7 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔ مریدکےمیں نارووال روڈ پر بس الٹنے سے دو مسافر جاں بحق اور بیس زخمی ہوئے۔ گوجرانوالہ کے قریب دھند کے باعث 14 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ حادثے میں زخمی 12 افراد کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ میاں چنوں میں بس اور تین ٹرکوں میں تصادم سےسات افراد زخمی ہوئے۔ چونیاں میں اسکول رکشہ فٹ پاتھ سے ٹکرا گیا۔ ڈرائیور سمیت 7 طالب علم شدید زخمی ہو گئے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ گلگت بلتستان اور کشمیر میں آج بھی شدید سردی رہے گی۔